’یہ ورلڈ کپ چوکوں، چھکوں کا ہو گا‘

اس بار ورلڈ کپ میں بڑے سکور ہوں گے، امید ہے کہ بلے بازوں کے لیے گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرے گی، ڈیوڈ وارنر۔

اے ایف پی فوٹو

آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے پیشگوئی کی ہے کہ اس بار غیر یقینی انگلش کنڈیشنز میں ورلڈ کپ چوکوں اور چھکوں والا ہو گا۔

انڈین پریمئر لیگ میں حصہ لینے والے وارنر بھارتی شہر حیدرآباد سے عالمی کپ کے لیے آسٹریلیا میں لگائے گئے تربیتی کیمپ کے لیے روانہ ہو گئے۔

اے ایف پی کے مطابق، منگل کو وارنر کا کہنا تھا کہ ’آپ اس بار ورلڈ کپ میں بڑے سکور دیکھیں گے۔ امید ہے کہ بلے بازوں کے لیے گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرے گی۔ ہم برطانیہ میں کھیلیں گے، برطانوی ٹیم بہت شاندارہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا دفاعی چیمپئن ہے لہذا ہمیں برطانیہ میں اپنی صلاحتیں بہتر بناتے ہوئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا‘۔

گذشتہ برس مارچ میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں دھوکہ دہی پر وارنر اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیوسمتھ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

حال ہی میں دونوں کھلاڑیوں نے آئی پی ایل میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

دونوں کھلاڑی جمعرات سے برسبین میں ورلڈ کپ کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔

وارنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے وقفے کے دوران انھیں اپنے کھیل پر غور کرنے کا موقع ملا۔ ’میں نے بیٹ 16 سے 18 ہفتے کے لیے نیچے رکھ دیا اور ایک اچھا انسان اور اچھا خاوند بننے کی اتنی کوشش کی جتنی میرے بس کی بات تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اس کا انہیں فائدہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور اوپننگ بیٹسمین ان کا کام رنز بنانا ہے۔ انہیں ورلڈ کپ میں اپنے لیے ایسا ہی نظر آرہا ہے اور اس حوالے سے انہیں آئی پی ایل سے بہت مدد ملی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ