کیا آپ کسی کو خفیہ طور پر پسند کرتے ہیں؟ فیس بک ہے نا

کمپنی کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اپنے ہی دوستوں میں جوڑ ڈھونڈنے میں مدد کے طور پر متعارف کیا جارہا ہے۔

فیس بک کی فجی سیمو    رواں برس اپریل میں کیلیفورنیا میں ہونے والی ایف ایٹ ڈیولپرز کانفرنس  میں ڈیٹنگ ایپ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے۔ تصویر: روئٹرز

اگر آپ کسی کو خفیہ طور پر پسند کرتے ہیں تو فیس بک ان پر آپ کی چاہت ظاہر کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

فیس بک جلد ہی ’سیکرٹ کرش‘ (خفیہ پسند) نامی ایک نیا فیچر متعارف کروا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین اسے بتا سکیں گے کہ وہ کس کو پسند کرتے ہیں۔ اگر دوسرا صارف بھی آپ کے بارے میں ایسے ہی خیالات کا اظہار کرے گا تو پھر جوڑ بنے گا اور فیس بک کی جانب سے دونوں صارفین کو نوٹیفیکیشن بھیج دیے جائیں گے۔

یہ نیا فیچر’فیس بک ڈیٹنگ‘ کا حصہ ہے جو گزشتہ برس لانچ کی گئی تھی اور صارفین کو فیس بک پر مشترکہ دوست، مشترکہ گروپوں اور مشترکہ تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگوں میں سے ممکنہ پارٹنر ڈھونڈنے میں مدد کرتی ہے۔  

 فیس بک ڈیٹنگ ایپ اب تک کولمبیا، تھائی لینڈ، کینیڈا، ارجنٹائن اور میکسیکو میں دستیاب تھی اور اب یہ 14 مزید ممالک میں بھی متعارف کروائی جارہی ہے جن میں فلپائن، ویت نام، سنگاپور، ملائیشیا، لاؤس، برازیل، پیرو، چیلی، بولیویا، ایکواڈور، پیراگوئے، یوروگوئے، گائینا اور سورینام شامل ہیں۔

فیس بک ڈیٹنگ کی بین الاقوامی لانچ کے ساتھ ’سیکرٹ کرش‘ کا فیچر بھی اس میں موجود ہوگا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو اپنےدوستوں میں ہی اپنا جوڑ ڈھونڈنے میں مدد کے طور پر متعارف کیا جارہا ہے۔ اپنے اعلان میں کمپنی نے کہا: ’لوگوں نے ہمیں بتایا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ (فیس بک پر) اپنے دوستوں کے دائرے میں ہی ممکنہ رومانوی تعلقات ڈھونڈنے اور قائم کرنے کا موقع ہے۔‘

اس فیچر کے ذریعے آپ نو فیس بک دوستوں کا انتخاب کر سکتے ہیں جن میں آپ ’دلچسپی ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔‘

اگر ان میں سے کسی دوست نے فیس بک ڈیٹینگ کا فیچر آن کیا ہوا ہے تو ان کو نوٹیفیکیشن ملے گا کہ کسی کو ان میں دلچسپی ہے۔

اس کے بعد اگر وہ شخص آپ کو اپنی ’خفیہ پسند‘ کی فہرست میں شامل کرے گا تو آپ دونوں کو فیس بک کی جانب سے نوٹیفیکیشن ملے گا اور پھر آپ دونوں چیٹ کر سکیں گے۔

فیس بک کے مطابق اگر کسی صارف نے فیس بک ڈیٹنگ کا فیچر آن نہیں کیا ہوا ہے، خفیہ پسند کی فہرست نہیں بنائی ہوئی ہے یا کسی کو اُس میں شامل نہیں کیا ہے تو وہ انہیں آپ کی پسندیدگی کے بارے میں نہیں بتائے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی