اسرائیلی بمباری سے ایک حاملہ خاتون اور بچی سمیت چھ فلسطینی ہلاک

غزہ سے اسرائیل پر 250 سے زیادہ راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل نےغزہ کی پٹی میں درجنوں مقامات کو حملوں کا نشانہ بنایا۔

اے ایف پی فوٹو

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ایک حاملہ خاتون اور اس کی بچی سمیت چھ فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ہفتے کو غزہ سے اسرائیل پر 250 سے زیادہ راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل نےغزہ کی پٹی میں درجنوں مقامات کو حملوں کا نشانہ بنایا۔

 دونوں فریقین کے درمیان حالیہ تشدد کی لہر ایک ماہ کے عارضی امن کے بعد آئی۔

یہ اسرائیل اور غزہ کی حکمران تنظیم حماس اور جنگجو تنظیم اسلامی جہاد کے درمیان گذشتہ کئی ہفتوں میں شدید جھڑپ قرار دی جا رہی ہے۔

 یہ جھڑپیں ایسے وقت ہو رہی ہیں جب اسلامی جہاد اور حماس کے رہنما  ثالث مصر کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ عارضی جنگ بندی کو ختم ہونے سے بچانے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

 غزہ پر سخت اسرائیلی پابندیوں کے بعد مصر دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لیے ثالث کا کرداد ادا کر رہا ہے۔

اسرائیل کے لیے یہ ہفتہ میموریل ڈے، یوم آزادی اور پھر یورو ویژن گانوں کے مقابلوں کی وجہ سے حساس سمجھا جا رہا ہے جبکہ غزہ کے شہریوں کے لیے بھی تشدد کی لہر ماہ رمضان کی تیاری کے سلسلے میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

 حالیہ دنوں میں حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کے بعد غزہ میں دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں جبکہ دھویں کے بادل بھی منڈلاتے رہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 14 ماہ کی ایک فلسطینی بچی اور اس کی 37 سالہ حاملہ ماں ہلاک ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور بچے کے معمولی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بچی کے قریبی رشتہ دار ندال ابو اعرر کا کہنا تھا: ’وہ اپنی ماں کے ساتھ گھر کے صحن میں بیٹھی تھی جب ان کے گھر پر ایک میزائل گرا، اسرائیلی قبضہ ایک مجرمانہ فعل ہے‘۔

وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملے میں ایک 22 سالہ فلسطینی نوجوان ہلاک جبکہ ایک 40 سالہ شخص زخمی بھی ہوا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق صبح ہونے والے اسرائیلی ڈرون حملے میں اسلامی جہاد کے دو مبینہ جنگجو نشانہ بنے۔

اسرائیلی محکمہ صحت کے مطابق، راکٹ حملوں میں ایک 80 سالہ خاتون شدید زخمی جبکہ ایک 50 سالہ شہری اور ایک نوجوان معمول زخمی ہوئے ۔ اسرائیلی پولیس کی مطابق اشکالون میں ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

اسرائیلی فوج ایران پر اسلامی جہاد کی مدد کا الزام عائد کرتی ہے جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی پرزور مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے مشرق وسطی کے لیے خصوصی ایلچی نکولائے ملادینو کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مصر کے ساتھ مشترکہ طور پر کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

2007 میں حماس کے کنٹرول کے بعد اسرائیل اور مصر کی جانب سے غزہ سخت ترین پابندیوں کا شکار ہے۔
 
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا