روسی مسافر طیارے میں آتشزدگی، 40 افراد ہلاک

روس میں ایک مسافر طیارے میں آگ لگنے سے دو نوجوانوں سمیت 41 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حادثے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

تصویر: اے پی

روس میں ایک مسافر طیارے میں آگ لگنے سے دو نوجوانوں سمیت 41 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حادثے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

خبر رساں ادارے انٹر فیکس کے مطابق پیر کو کمیٹی ترجمان ایلینا مارکوسکائیا کا نے بتایا کہ اس حادثے میں 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن وزیر صحت ویرونیکا سکورٹسفاکے مطابق اس حادثے میں 38 افراد محفوظ رہے جبکہ ہلاک افراد کی تعداد چالیس ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق ہلاک شدگان میں جہاز کے عملے کا ایک رکن بھی شامل تھا۔

خبر رساں ادارے ریا کے مطابق طیارے میں عملے کے پانچ ارکان سمیت 78 مسافر سوار تھے۔ طیارہ ماسکو سے شمالی شہر مرمانسک جا رہا تھا۔ طیارہ ٹیک آف کے45 منٹ بعد ماسکو واپس آگیا تاہم اس کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک کچھ واضح نہیں ہے۔ فلائیٹ ریڈار ٹریکنگ سروس کے مطابق طیارے نے ماسکو میں لینڈنگ سے پہلے شہر کے گرد دو چکر بھی لگائے۔

ایروفلوٹ سخوئی سپر جیٹ نے اتوار کو ماسکو کے شیریمیتیاوف ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

ائیرپورٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے واپس مڑا، لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ڈرامائی فوٹیج میں طیارے کو ماسکو ائیرپورٹ پر اترتے اور اس کے ایک حصے میں لگنے والی آگ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جاری ویڈیو میں جلتے طیارے سے مسافروں کو نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

روسی خبر رساں ادارے تاس سے بات کرتے ہوئے عملے کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ یہ امکانات بھی ہیں کہ آگ لگنے کی وجہ طیارے پر دوران پرواز آسمانی بجلی گرنا ہو۔

ایروفلوٹ کے ترجمان کے مطابق مسافر طیارے سے  ہنگامی تختے کی مدد سے باہر نکلے۔ ویڈیو میں کچھ مسافروں کو سوٹ کیس اٹھائے طیارے سے نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایروفلوٹ روس کی قومی فضائی سروس ہے۔ ریسکو ٹیم کی جانب سے طیارے کے آخری حصے میں زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش بھی کی گئی۔

زخمی افراد کے حوالے سے خبر راساں ایجنسیوں کی جانب سے پانچ سے دس کے درمیان متضاد تعداد بتائی جا رہی ہے۔ روسی حکام کی جانب سے آگ لگنے کی تحقیق کی جا رہی ہے جس کے بعد یہ تعین ممکن ہو گا کہ کیا آگ ہوابازوں کی ائیر سیفٹی قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے لگی۔

تحقیقاتی کمیٹی ترجمان کے مطابق تفتیش کار جلد ہی متاثرہ مسافروں، عینی شاہدین، ائیرپورٹ کے عملے اور فضائی کمپنی سے اس سلسلے میں چھان بین شروع کریں گے۔

سپر جیٹ دو انجن والا مسافر طیارہ ہے جو 2011 سے فضائی کمپنی کے استعمال میں تھا۔ یہ مسافر طیارہ روس میں سوویت دور کے جہازوں کا متبادل سمجھا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ میکسیکو اور آرمینیا میں بھی زیر استعمال ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے  جب کسی جان لیوا فضائی حادثے میں یہ طیارہ متاثر ہوا ہو۔

2012 میں انڈونیشیا میں ایک نمائشی پرواز کے دوران ایک سپر جیٹ پہاڑ سے ٹکرا گیا تھا، طیارے میں سوار تمام 45 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا