شہزادے ہیری کے بیٹے کا نام کیا سوچ کر رکھا جائے گا؟

شاہی خاندان ایک پروقار اور اچھے نام کی تلاش میں ہے جیسا کہ خود شہزادہ ہیری اورمیگھن مارکل کی شخصیت ہے۔

تصویر: دی انڈپینڈنٹ

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے اپنے نوزائیدہ بیٹے کا ایسا منفرد نام رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو برطانیہ اورامریکہ کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی تاریخ کو خراج تحسین پیش کرتا ہو۔

شاہی امور کی ماہر وکٹوریا آربیٹر نے سی بی ایس ٹیلی ویژن سے گفتگومیں کہا کہ وہ نوزائیدہ شہزادے کے نام کے حوالے سے شاہی محل کے حتمی فیصلے کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتیں لیکن اتنا ضرور بتا سکتی ہیں کہ شاہی خاندان ایک پروقار اور اچھے نام کی تلاش میں ہے جیسا کہ خود شہزادہ ہیری اورمیگھن مارکل کی شخصیت ہے۔

شاہی امور کی ماہر کے خیال میں ایسا نام جو امریکہ اور برطانیہ دونوں ملکوں میں مانوس ہو۔

وکٹوریا آربیٹرمزید کہتی ہیں کہ نوزائیدہ شہزادے کا نام الیگزینڈر ہو سکتا ہے کیونکہ یہ ملکہ برطانیہ کے نام کا درمیانی حصہ اور مردانہ وقار کی علامت ہے۔

الیگزینڈر ہیملٹن امریکہ کے بانیوں میں شامل ہیں۔ وکٹوریا کی رائے میں ایسے بہت سے نام ہیں جو نہ صرف  برطانوی شاہی شجرے سے مطابقت رکھتے ہیں بلکہ امریکہ میں بھی ان کی جڑیں بہت گہری ہیں۔

اس کے علاوہ کورل، آرتھر، فلپ، البرٹ، الفریڈ اور جیمز جیسے نام بھی مختلف حلقوں میں گردش کر رہے ہیں۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے ہاں بچے کی پیدائش کا باضابطہ اعلان گذشتہ روز آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا۔

جوڑے نے بچے کی پیدائش سے قبل ہی ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھا۔

انسٹاگرام کے ذریعے بتایا گیا کہ شاہی جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش 6 مئی کو ہوئی اور اس وقت دونوں ماں اور بیٹا صحت مند ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل