اسلام آباد میں بڑھتے جرائم کے خاتمے کے لیے ایگل سکواڈ کتنا موثر؟

وفاقی دارالحکومت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد موبائل ایگل سکواڈ کے نام سے نئی فورس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد موبائل ایگل سکواڈ کے نام سے نئی فورس متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔

یہ واقعہ جمعرات کی رات اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے آئی جے پی روڈ پر تعمیراتی ٹیکنالوجی اور تربیتی انسٹی ٹیوٹ کے قریب شمس کالونی میں پیش آیا، جہاں موبائل سکواڈ کے اہلکار کانسٹیبلز اشتیاق رانجھا اور بشیر شاہ معمول کی گشت پر تھے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق دو نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، جنھوں نے پولیس اہلکاروں کو روکا اور فائرنگ کر دی، جس سے دونوں کانسٹیبلز موقع پر جان گوا بیٹھے۔ 

جمعے کی صبح وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور تحریک انصاف حکومت کے دوران وفاقی دارالحکومت میں نو پولیس اہلکار ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اسی سال مارچ میں اسلام آباد کے علاقے گولڑہ شریف میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کر دیا تھا، جبکہ اسی روز جڑواں شہر راولپنڈی میں ریس کورس پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او (سٹیشن ہاؤس آفیسر) بھی دہشت گردوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو ئے تھے۔ اسی طرح گذشتہ سال مئی میں اسلام آباد کے علاقے ترنول میں دو مزید پولیس اہلکار نامعلوم حملہ آوروں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

حال ہی میں وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف الیون میں صحافی اور وی لاگر اسد علی طور کو نامعلوم افراد نے ان کے فلیٹ میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ چند ہفتے قبل پیمرا کے سابق چیئرمین ابصار عالم کو سیکٹر ایف ٹین میں پارک میں واک کے دوران گولی مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔ 

اسلام آباد موبائل ایگل سکواڈ کا قیام

شیخ رشید احمد نے جمعے کی صبح ایک ویڈیو پیغام میں اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد موبائل ایگل سکواڈ کے نام سے نئی فورس متعارف کرانے کا اعلان کیا، جو اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ منسلک ہو گا۔ 

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے ترجمان ضیا الحق باجوہ نے بتایا کہ ’ایگل سکواڈ کا افتتاح وزیر داخلہ خود چند روز میں کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایگل سکواڈ کی موجودگی سے اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔‘

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں بھی موبائل سکواڈ کا آئندہ چند روز میں افتتاح کرنے کا ذکر کیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واضح رہے کہ اسلام آباد میں چند ہفتے قبل موبائل ایگل سکواڈ کی تربیت آغاز کیا گیا تھا، جس کے لیے پنجاب کی پولیس ڈولفن فورس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 

ڈی آئی جی (آپریشنز) اسلام آباد افضال احمد کوثر کے مطابق ڈولفن فورس اور پولیس ٹریننگ سکول اسلام آباد کے عہدیدار موبائل ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کو تربیت دے رہے ہیں۔ 

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’موبائل ایگل سکواڈ میں تقریبا تین سو پولیس اہلکار شامل کیے جا رہے ہیں، جو اسلام آباد میں گشت کے لیے ڈیڑھ سو موٹر سائیکل استعمال کریں گے۔‘

ضیا الحق باجوہ کے مطابق سکواڈ کے ہر موٹر سائیکل پر دو پولیس اہلکار سوار ہوں گے، جو اسلام آباد شہر اور آئی سی ٹی کے دوسرے علاقوں کی باقاعدہ گشت کریں گے۔ 

اسلام آباد ایگل موبائل سکواڈ کے لیے وزارت داخلہ پہلے ہی 50 موٹر سائیکل اور چار گاڑیاں حاصل کر چکا ہے، جنہیں اہلکاروں کی تربیت میں بھی استعمال کیا گیا۔ 

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایگل سکواڈ کے لیے مزید سو موٹر سائیکل اور 16 گاڑیاں جلد ہی حاصل کر لی جائیں گی۔ 

بارڈر فینسنگ

شیخ رشید احمد کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان پاکستان کے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بین الاقوامی سرحدوں پر ایک ایسا الیکٹرانک سسٹم متعارف کروانا چاہتے ہیں، تاکہ بارڈرز پر ہونے والی نقل و حمل کا ریکارڈ رکھا جا سکے۔‘

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحدوں پر الیکٹرانک سسٹم لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحد (ڈیورنڈ لائن) پر باڑ لگانے کا 88 فیصد کام ہو چکا ہے، جو آئندہ دو مہینوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ 

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ سرحد پر بھی 44 فیصد فینسنگ ہو چکی ہے اور سال رواں کے آخر تک یہ بھی مکمل کر لی جائے گی۔
 

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان