منرو کی تیز اننگز، اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت کا نیا ریکارڈ بنا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اوپنر کولن منرو کے صرف 36 گیندوں پر 90 رنز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے روندھ دیا۔

نیوزی لینڈ کے کولن منرو اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں (پی سی بی)

نیوزی لینڈ کے بلے باز کولن منرو ہمیشہ جارحانہ موڈ میں ہوتے ہیں لیکن جمعے کی شام اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انہوں نے جس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلا سارے کرکٹ ماہرین انگشت بدنداں رہ گئے۔

رنز کا ایک سیلاب تھا، چوکوں اور چھکوں کی بارش تھی، نہ فاسٹ بولنگ چلی اور نہ ہی سپن۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی رواں سیزن مشکل کا شکار ہے لیکن جس طرح کل وہ کھیل کے ہر شعبے میں فیل ہوئے اس نے ٹیم کے سپورٹرز کو مغموم کر دیا ہوگا۔

اگرچہ کوئٹہ کی بولنگ اتنی خراب نہیں اور ان کے چار بولر پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ انگلستان یاترا پر جا رہے ہیں لیکن اس میچ میں ہر بولر بنا کسی منصوبہ بندی اور سمجھ بوجھ کے بولنگ کر رہا تھا۔

جس جگہ منرو بہت مضبوط ہیں وہیں پر سب نے بولنگ کی اور جواب میں باؤنڈری کی سیر کی۔

منرو نے رونکی کے انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 36 گیندوں پر 90 رنز بنائے، جس میں 12 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

انھوں نے ہر گیند پر مثبت انداز سے کھیلا اور رنز لیے۔ دوسرے اوپنر عثمان خواجہ بھی تیز کھیلے اور 40 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں اوپنرز نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف 60 گیندوں میں مکمل کرکے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔

اس سے قبل یہ ہزیمت لاہور قلندرز کے پاس تھی جن کے خلاف پشاور زلمی نے 61 گنیدوں میں ہدف مکمل کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ میں ٹاس ہار جانے کے باعث پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں محض 133 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی بیٹنگ خاصی حوصلہ شکن رہی۔

اوپنر فاف ڈوپلیسی نے بہت مایوس کیا۔ وہ نوجوان محمد وسیم کی برق رفتار بولنگ کو روک بھی نہیں پا رہے تھے۔

وزیرستان میں پیدا ہونے والے محمد وسیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 12 رنز دے کر دو وکٹ لیے۔

اسی طرح عاکف جاوید اور حسن علی نے بھی اچھی بولنگ کی اور دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوئٹہ کے سپر سٹار آندرے رسل محمد موسی کی گیند پر زخمی ہو گئے جس کے باعث کوئٹہ بڑا سکور نہ بنا سکی۔

قانون کے مطابق زخمی ہوجانے کی صورت میں کھلاڑی بدلا جاسکتا ہے جس پر کوئٹہ نے نسیم شاہ کو دوسری اننگز میں شامل کیا لیکن ان کا پہلا اوور بہت مہنگا پڑا۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعظم خان بھی کچھ نہ کرسکے جبکہ سرفراز احمد اور محمد نواز بھی بیٹنگ میں ناکام رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے ہرا کر اپنا رن ریٹ بہت بہتر کرلیا جبکہ کوئٹہ مزید نیچے چلی گئی۔

کولن منرو کو ان کی زبردست اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ