لاہور قلندرز کا پی ایس ایل میں فاتحانہ آغاز

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو راشد خان کی شاندار پرفارمنس کی بدولت پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔

 راشد خان کو شاندار بیٹنگ اور بولنگ پر میچ کے بہتریُن کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا (اے ایف پی فائل فوٹو) 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے باقی میچ تمام تر رکاوٹوں اور مشکلوں کے بعد بالاخر ابوظہبی میں شروع ہو گئے۔ 

لیگ کے دوسرے حصے کا پہلا میچ بدھ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوا، جسے لاہور نے پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ 

سخت گرمی اور رطوبت آلود فضا میں ہوا تو ناپید تھی ہی اس پر صحرائی ریت کے ذرے بھی اڑ کر کھلاڑیوں کو تنگ کرتے رہے۔

اگرچہ میچ شام کے سائے گہرے ہونے پر شروع ہوا لیکن دن بھر کی سخت گرمی کی وجہ سے کھلاڑی پسینے میں شرابور رہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر خوش قسمت رہے کہ ٹاس جیت گئے اور انہیں پہلے بولنگ کا موقع ملا۔ 

اسلام آباد نے پہلے میچ میں صرف تین غیر ملکی کھلاڑی کھلائے۔ ان کی ٹیم تقریباً وہی تھی جو کراچی میں کھیل کر آئی تھی صرف عثمان خواجہ نے لیگ میں پہلا میچ کھیلا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاہور کی ٹیم میں بھی کوئی بڑی تبدیلی نہیں تھی۔ ڈیوڈ ویسا کی جگہ ایک اور ڈیوڈ آ گئے جن کا تعلق سنگاپور سے ہے لیکن وہ زیادہ تر آسٹریلیا میں کھیلتے ہیں۔

لاہور کی بولنگ ابتدا سے ہی عمدہ رہی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے حسب سابق اچھی بولنگ کی لیکن اسلام آباد کی صفوں میں صحیح دراڑ جیمز فالکنر نے ڈالی۔

 انھوں نے پے درپے وکٹ لے کر اسلام آباد کو بڑا سکور بنانے سے باز رکھا۔ فالکنر کے حصے میں تین وکٹ آئے لیکن سب سے زیادہ نپی تلی بولنگ افغانستان کے راشد خان نے کی۔

 انھوں نے چار اوورز میں صرف نو رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

اسلام آباد کے ہر بلے باز نے آغاز تو اچھا کیا لیکن بڑا سکور نہ کر سکے۔ فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔ 

اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں 143 رنز بنائے۔ 

لاہور قلندرز کی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے 144 کا ہدف کچھ بھی نہیں تھا لیکن آخری اوورز میں مشکل ضرور ہوگیا۔

 اوپنر فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے عمدہ آغاز کیا۔ سہیل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ نے 29 اور ٹم ڈیوڈ نے 23 رنز سکور کیے لیکن سب سے اہم بیٹنگ راشد خان کی، جنھوں نے آخری اوور میں 16 رنز کے ہدف کو عبور کرلیا۔

انہوں نے حسین طلعت کے آخری اوور میں مسلسل تین چوکے لگا کر میچ اسلام آباد کے ہاتھوں سے چھین لیا۔

راشد خان کو شاندار بیٹنگ اور بولنگ پر بہتریُن کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 
جمعرات کو لیگ کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ