نیوز اینکر کا خبرنامے کے دوران تنخواہ نہ ملنے کا شکوہ

زیمبیا کے نیوز اینکر کیبنڈا کیلمینا نے اہم خبروں کا ذکر کرنے کے بعد اچانک کہا: ’خواتین و حضرات خبروں سے ہٹ کر ایک اہم بات۔ ہم انسان ہیں۔ ہمیں تنخواہ ملنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے کے بی این چینل میں ہمیں تنخواہیں نہیں مل رہیں۔‘

افریقی ملک زیمبیا میں ایک ٹی وی چینل کے اینکر نے خبرنامہ پڑھتے ہوئے درمیان میں اپنے اور ساتھی کارکنوں کو تنخواہ نہ ملنے کا شکوہ بھی کر ڈالا۔

یہ واقعہ رواں ماہ 19 جون کو پیش آیا جب ’کے بی این‘ نیوز چینل کے اینکر کیبنڈا کیلمینا نے معمول کے مطابق انگریزی زبان میں خبرنامہ پڑھنا شروع کیا، تاہم اہم خبروں کا ذکر کرنے کے بعد انہوں نے اچانک کہا: ’خواتین و حضرات خبروں سے ہٹ کر ایک اہم بات۔ ہم انسان ہیں۔ ہمیں تنخواہ ملنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے کے بی این چینل میں ہمیں تنخواہیں نہیں مل رہیں۔‘

تاہم العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق اس کے بعد کیلمینا کی گفتگو کو منقطع کرکے ایک اور بلیٹن کو نشر کردیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب کے بی این چینل کی جانب سے کیبنڈا کیلمینا پر ’سستی شہرت‘ حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھے۔

تاہم کیلمینا نے اس الزام کی تردید کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’یہ کیسے ممکن ہے کہ مجھ پر نشے کے اثرات ہوں جب کہ میں اس بلیٹن سے قبل تین دیگر پروگرام پیش کر چکا تھا؟‘

کیلمینا نے فیس بک پر اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا: ’جی ہاں، یہ میں نے براہ راست نشریات میں کیا کیوں کہ زیادہ تر صحافی اعلانیہ گفتگو سے ڈرتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحافیوں کو بات نہیں کرنی چاہیے۔‘

دوسری جانب چینل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا