سپین کے ٹینس پلیئر پابلو کیرینو بوستا نے ٹوکیو اولمپکس میں کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ نواک جوکووچ کو شکست دے دی ہے۔
سربیا کے ٹینس سٹار اس شکست کو برداشت نہیں کر پائے جو میچ کے دوران ہار کو قریب دیکھ کر اپنے غصے پر قابو پانے میں ناکام رہے اور انہوں نے اپنا ایک ریکٹ خالی سٹینڈز اور دوسرا نیٹ پوسٹ پر دے مارا۔
20 بڑے ٹائٹل جیتنے والے نواک جوکووچ جنکا گولڈن گرینڈ سلم جیتنے کا خواب ان کے حریف الیگزینڈر زویریف نے جمعے کو چکنا چور کیا تھا آج اولمپکس میں ہسپانوی حریف کیرینو بوستا سے 6-4, 6-7 (6/8) اور 6-3 سے ہار گئے۔ اس فتح کے ساتھ بوستا نے اپنا چھٹا میچ پوائنٹ بھی حاصل کر لیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ٹاپ سیڈ جوکووچ نے 2019 کے اے ٹی پی ٹور فائنلز میں ڈومینک تھیم اور راجر فیڈرر کے ہاتھوں شکست کے بعد مسلسل دو سنگلز میچ ہارے ہیں۔
میڈل کی جیت کے لیے یہ کانٹے دار مقابلہ ٹوکیو کی گھٹن زدہ گرمی میں دو گھنٹے 47 منٹ سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔
اگلے ماہ شروع ہونے والے کیلنڈر کے آخری گرینڈ سلم (یو ایس اوپن) میں کامیابی کے بڑے دعویدار جوکووچ نے اس میچ کے دوسرے سیٹ میں ٹائی بریک کے ذریعے ایک میچ پوائنٹ حاصل کر لیا تھا۔
لیکن ٹورنامنٹ کے شروع میں سیکنڈ سیڈ دانیل میدویدیف کو ناک آؤٹ کرنے والے ہسپانوی کیرینو بوستا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 32 ونرز حاصل کیے جب کہ جوکووچ صرف 18 تک محدود رہے۔
30 سالہ بوستا نے بالآخر ایک طویل فائنل کھیل کے بعد اپنے بدمقابل عالمی نمبر ایک کو جھنجھلاہٹ میں مبتلا کرتے ہوئے فتح سمیٹ لی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس میچ سے گذشتہ سال یو ایس اوپن میں جوکووچ کی بوستا کے ہاتھوں ایک اور شکست کی یادیں تازہ ہو گئیں جب انہوں نے نادانستہ طور پر گیند کو لائن جج کی جانب اچھال دیا تھا۔
جب غصیلے جوکووچ نے تھرڈ سیٹ میں بار بار بریک پوائنٹ جاتے دیکھا تو اپنا ایک ریکٹ خالی سٹینڈز پر پھینک دیا تھا جب کہ دوسرے ریکٹ کو زمین پر مار کر توڑ دیا تھا۔
جوکووچ ہفتے کی شام نینا سٹوجانوچ کے ساتھ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں تیسری پوزیشن کے لیے پلے آف میں آسٹریلین ایشلے بارٹی اور جان پیئرز سے مقابلہ کریں گے۔