سکیورٹی پر تعینات پولیس افسر کا قتل، پینٹاگون کی عمارت بند

امریکی فوج کے ہیڈکواٹرز کے باہر پولیس افسر کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے والا حملہ آور سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

امریکی فوج کے ہیڈکواٹرز پینٹاگون کے باہر ٹرانزٹ سینٹر میں ادارے کے ایک پولیس افسر کو تیز دھار آلے سے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

پینٹاگون کی سلامتی کے ذمہ دار محکمے پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ وڈرو کوسے نے کہا کہ پیر کی صبح ساڑھے 10 بجے کے ٹھیک بعد بس پلیٹ فارم پر ایک شخص کے پینٹاگون کے افسر پر حملے کے بعد پینٹاگون کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ اس واقعے میں فائرنگ بھی شامل ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

پینٹاگون کے افسر اور حملہ آور کی ہلاکت کی سب سے پہلے ان حکام نے تصدیق کی جنہیں سرکاری طور پر اس معاملے پر بات کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

تاہم انہوں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو تفصیل بتائی۔ فیئر فیکس کاؤنٹی پولیس نے بھی ٹوئٹر پوسٹ میں پینٹاگون افسر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ اس واقعے میں قریب کھڑے دو افراد بھی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آور کو آسٹن ولیم لینز کے نام سے شناخت کیا۔ ان کی عمر 27 سال تھی اور وہ جارجیا کے رہائشی تھے۔

قانون نافذ کرنے والے دو اداروں کے حکام کے مطابق لینز نے افسر کا تعاقب کرنے کے بعد گردن میں چاقو مارا۔ جواب میں سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ تفتیش کار حملے کا مقصد معلوم کرنے کے لیے ابھی تک تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ لینز کے ماضی کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ وہ کسی دماغی عارضے میں تو مبتلا نہیں تھے یا وہ پینٹاگون کے افسروں کو ہدف کیوں بنانا چاہتے تھے۔

حکام کو اس معاملے میں کھلے عام بات کرنے کی اجازت نہیں اور انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو نام خفیہ رکھنے کی شرط پر تفصیل بتائی۔

امریکی میرین کور نے ایک بیان میں کہا کہ لینز کو 2012 میں امریکی میرین کور میں بھرتی کیا گیا تھا۔ تاہم ایک ماہ سے پہلے ہی انتظامی وجوہات کی بنا پر کور سے الگ کر دیا گیا۔ انہیں کبھی میرین کا رتبہ نہیں دیا گیا۔

آن لائن دستیاب عدالتی ریکارڈ کے مطابق اپریل میں لینز کو ریاست جارجیا کی کوب کاؤنٹی میں ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے اور نقب زنی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔

اسی روز لینز کے خلاف ایک اور مقدمہ قائم کیا گیا جس میں چھ اضافی الزامات عائد کیے گئے جن میں پولیس پر حملہ، دہشت گردی کی دھمکی اور ایک ادارے میں ہنگامہ کرنا شامل ہے۔

جج نے ضمانتی مچلکوں کی مالیت کم کر کے 30 ہزار ڈالرز کرتے ہوئے انہیں مئی میں رہا کر دیا۔ تاہم ان پر کچھ شرطیں عائد کی گئیں کہ وہ غیرقانونی منشیات کا استعمال نہیں کریں گے اور اپنی ذہنی صحت کا معائنہ کروائیں گے۔ ان کے خلاف الزامات زیرالتوا ہیں۔

کوب کاؤنٹی شیرف آفس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ لینز کو اس سے پہلے حراستی مرکز میں رکھا گیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید سوالات واشنگٹن میں ایف بی آئی کے فیلڈ آفس سے پوچھے جائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جارجیا میں مقدمات میں لینز کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے فون پر چھوڑے گئے پیغام اور ای میل کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

جارجیا میں اٹلانٹا کے نواحی علاقے ایکورتھ میں واقع لینز کے گھر میں مقیم خاندان کے ارکان نے بھی پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

پینٹاگون میں پریس کانفرنس کے دوران پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ وڈرو نے تصدیق کرنے سے انکار کر دیا گیا کہ پینٹاگون کے افسر ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے واقعے کے بارے میں بنیادی معلومات بھی فراہم نہیں کیں اور نہ ہی بتایا کہ ممکنہ طور پر کتنی ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ایک افسر پر حملہ کیا گیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

وڈرو اور دوسرے حکام نے دہشت گردی کا امکان مسترد کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ انہوں نے کسی دوسرے ممکنہ مقصد کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا۔

وڈرو کاکہنا تھا کہ پینٹاگون کمپلیکس محفوظ ہے اور ’ہم اس وقت  کسی دوسرے ملزم کو تلاش نہیں کر رہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی واقعے کی تحقیقات کی قیادت کر رہی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ