نوکری چاہیے تو رشتہ ڈھونڈنے والا طریقہ آزمائیں

اکثر لوگ نوکری کے لیے اپنا سی وی بھیج کر بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔ لیکن نوکری اتنی آسانی سے نہیں ملتی، اس کے لیے محنت چاہیے۔

نوکری کی تلاش ایک سنجیدہ اور فل ٹائم جاب ہے (پکسا بے)

ہمارے معاشرے میں اگر آپ دیکھیں تو آپ کو بیروزگار لوگوں کی اکثریت اس بات کا شکوہ کرتے نظر آئے گی کہ سفارش کے بغیر نوکری کا حصول ناممکن ہے۔

یہ بات جزوی طور پر تو درست ہو سکتی ہے لیکن یہ دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کہ ہرنوکری سفارش سے ہی ملتی ہے بالخصوص نجی شعبے میں نوکریوں کے بارے میں سفارش کا عنصر کافی کم ہوتا ہے۔

دراصل نوکری ڈھونڈ نے کی ایک سائنس ہے جس کا فارمولا رشتہ ڈھونڈنے کے طریقے سے بہت زیادہ مماثلت رکھتا ہے۔

آئیے شادی کے پروپوزل بھیجے جانے کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہیں اور پھر دیکھیں گے کہ کس طرح یہ طریقہ اپنا کر آپ نوکری حاصل کرنے کے امکانات کو بڑھا سکتے ہیں۔

رشتے کے لیے خاندان کی ریکی

ہم اکثر یہ دیکھتے ہیں کہ لڑکا یا لڑکی جوں جوں بڑے ہوتے ہیں ماں باپ ان کے رشتوں کی بات چلانے کے لیے ریکی شروع کر دیتے ہیں۔

یہ دیکھا جاتا ہے کہ کون سی فیملی ہے جہاں رشتہ بھیجا جا سکتا ہے یا پھر وہاں سے رشتہ آنے کی امید کی جا سکتی ہے۔ 

ریکی کرتے وقت بہت ساری باتوں کو مد نظر رکھا جاتا ہے اور یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ جہاں رشتہ بھیجا جانا ہوتا وہ کس طرح کے لڑکے کو رشتہ دینا چاہیں گے ان کی کیا شرائط ہو سکتی ہیں اور کیا ہمارا لڑکا ان کی شرائط پر پورا اتر رہا ہے؟

ان باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک، دو یا تین خاندانوں کی نشاندہی کر لی جاتی ہے۔

فیملی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کی جاتی ہیں جیسا کہ والد کیا کرتے ہیں، والدہ کیا کرتی ہیں، فیملی ارکان کتنے ہیں، لڑکی کی تعلیمی قابلیت کیا ہے، آمدنی کے ظاہری ذرا ئع کیا ہیں؟ خاندان اور مطلوبہ رشتے کی پسند اور نا پسند اور مذہبی عقائد کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کی حتی لامکان کوشش کی جاتی ہے۔

یہ سارا کچھ جاننے کے لیے بہت سارے راستے اپنائے جاتے ہیں۔

جاب کے لیے کمپنیوں کی ریکی 
یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ وطالبات کو تعلیمی مراحل طے کرنے کے ساتھ ساتھ ان اداروں (بلخصوص پرائیویٹ کمپنیوں) کی ریکی کرنی چاہیے جہاں ان کو نوکری کی امید ہو سکتی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کرنی چاہیے کہ وہ کس طرح کے لوگوں کو اپنے ادارے میں نوکری دینا چاہیں گے وہاں نوکری کے لیے کس قابلیت کے ساتھ کونسی مہارتیں درکار ہو سکتی ہیں؟

نوکری کے خواہشمند تمام افراد کو کم از کم چار سے پانچ ایسے اداروں کی نشاندہی کر کے رکھنی چاہیے جہاں وہ چا نس لے سکیں اور پھر ان کمپنیوں کے سینیئر افسران کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تا کہ یہ اندازہ لگا سکیں کہ نوکری دیتے وقت یا انٹرویو کے دوران وہ کن امور کو سامنے رکھیں گے۔

یہ معلومات کمپنی کی ویب سائٹ ، مذکورہ افسر کے حاضر سروس ملازم سے رابطہ کر کے لی جا سکتی ہیں۔

 رشتے کےلیے مناسب لڑکی کی نشاندہی
خاندانوں کی ریکی کرنے کے بعد یہ دیکھا جاتا ہے کہ مذکورہ گھر میں سے کس کا رشتہ مانگا جائے گا، کیا بڑی لڑکی کا رشتہ مانگا جائے گا یا چھوٹی کا؟

اور فرض کریں کہ بڑی لڑکی کا رشتہ مانگنا ہے تو پھر اس کے بارے معلومات حاصل کی جائیں گی کہ اس کی کوالیفیکیشن کیا ہے، عمر کیا ہے، کہیں اور رشتہ طے تو نہیں ہو چکا۔

اگر اس کی بات کہیں پکی ہو چکی ہے تو کیا اسی گھر میں کوئی اور رشتہ دیکھا جا سکتا ہے؟ یہ تک جاننے کی کوشش کی جاتی ہے کہ لڑکی کے گھر والے کب اور کس عمر میں اپنی لڑکیوں کی شادی کرنا چاہیں گے۔

ان کے جاننے والوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشسش کی جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو اپروچ کیا جاتا ہے تا کہ لڑکی یا لڑکے کے بارےمیں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

یہ معلومات رشتے کے حصول کے خواہش مند خاندان کو یہ اندازہ لگانے میں مدد دیتی ہیں کے رشتہ مانگنا ہے یا نہیں اور اگر مانگنا ہے تو کامیابی کے کیا امکانات ہیں؟

اور اگر امکانات کم ہیں تو ان کو کامیابی میں بدلنے کے لیے کیا کرنا ہو گا؟ اور بعض اوقات دونوں میں سے کوئی ایک پارٹی اگر زیادہ دلچسپی رکھتی ہو تو وہ رشتے کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے سنجیدہ کوششین بھی کرتی ہے۔

کمپنی میں پسندیدہ نوکری کی نشاندہی
خود پر یقین رکھنے والے نوجوان گریجویٹس یا تجربہ کار افراد اپنی سیلیکٹ کردہ کمپنی میں اپنی پسندیدہ نوکری کی نشاندہی کر سکتے ہیں اور پھر یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان عہدوں پر کام کرنے والے افراد کے پاس کس طرح کی قابلیت، مہارتیں اور تجربہ ہے، مالکان کون ہیں، ان کا ویژن اور ورک ویلیوز کیا ہیں؟

نوکریاں کب اور کیسے مشتہر کی جاتی ہیں، آیا مشتہر کی بھی جاتی ہیں یا نہیں؟ اب اگر آپ مذکورہ ادارے میں کسی خاص نوکری میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں تو پھر آپ کو اس کے لیے درکار قابلیت، مہارتیں، اور تجربہ حاصل کرنے کا لائحہ عمل طے کر کے اس پر سنجیدگی سے عمل کرنا ہو گا۔
رشتے کے لیے اپروچ کرنا

رشتے کی خواشمند پارٹی تمام معلومات کے تفصیلی جائزے کے بعد یہ فیصلہ کرتی ہے کہ رشتہ براہ راست مانگا جائے گا یا پھر کسی کے ذریعے رابطہ کیا جائے۔

رابطے سے پہلے یہ دیکھا جاتا ہے کہ رابطہ کرنے کا مناسب وقت اور طریقہ کیا ہونا چاہیے۔

کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ نے دونوں خاندانوں میں مشترکہ خصوصیا ت کو کتنے بہتر طریقے سے اجاگر کیا ہے اور لڑکے یا لڑکی کی خوبیوں کو کس طرح بیان کیا گیا ہے؟

ایک طرح سے یہ ثابت کیا جاتا ہے کہ ہمارا لڑکا یا لڑکی اپ کے خاندان کا حصّہ بننے کی تمام شرائط پر پورا اترتا ہے اور بہت سارے کیسز میں رشتے کو منظور کر لیا جاتا ہے۔

اچھا ہوم ورک رشتے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ورنہ ہو سکتا ہے جس لڑکی یا لڑکے کا رشتہ مانگا جا رہا ہے وہ منگنی یا شادی شدہ نکلے۔

نوکری کے لیے پسندیدہ کمپنی سے رابطہ کرنا
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ نوکری کے خواہشمند افراد (خواتین و حضرات) کی اکثریت ضروری ہوم ورک کیے بغیر ہی نوکری حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کمپنی کی ویب سائٹ، پروفائل یا سوشل میڈیا پیجز، نوکریوں کی دستیابی، مناسب وقت اور متعلقہ افسران سے رابطے کے موثر طریقے کے بارے میں آگاہی فراہم کر سکتے ہیں۔

یہ کہا جاتا ہے کہ نجی شعبے میں نوکریوں کی اکثریت مشتہر نہیں کی جاتیں۔ اچھا ہوم ورک اورفیصلہ سازوں سے براہ راست رابطہ سنجیدگی اور مستقل مزاجی سے کوشش کرنے والے امیدواروں کو نوکری کے حصول میں کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ہے۔

کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ کیا آپ موثر طریقے سے اپنا کیس پیش کر سکے ہیں۔

اگر آپ یہ ثابت کر دیں کہ آپ کے کمپنی کا حصّہ بننے سے کمپنی کو فائدہ ہونے کے قوی امکانات ہیں تو آپ کو نوکری پر رکھا جا سکتا ہے اور اس کے لیے ضروری نہیں ہے کہ ادارے میں اسامی خالی ہو۔ آپ اپنی افادیت ثابت کیجیے، ایمپلائرز آپ کو ہاتھوں ہاتھ لیں گے۔

یاد رکھیں کہ نوکری کی ضرورت آپ کو ہے تو سب سے زیادہ محنت بھی آپ ہی کو کرنا ہو گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس