امارات نے کون کون سے نئے ویزا دینے شروع کیے ہیں؟

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے چند نئے ویزوں کا اعلان کیا ہے جن میں پانچ سالہ وزٹ ویزا بھی شامل ہے۔

اس وقت دبئی میں ایکسپو چل رہا ہے جس کی وجہ سے وہاں سیاحوں کی تعداد میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے (محکمہ برائے شناخت و شہریت)

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیر ملکیوں کو ملک میں داخلے میں آسانیاں دینے کے لیے چند نئی ویزا سکیموں کا آغاز کیا ہے۔

پانچ سالہ وزٹ ویزا

متحدہ عرب امارات کے شناخت و شہریت کے محکمے نے غیر ملکی شہریوں کو پانچ سال کے وزٹ ویزا کے لیے درخواست دینے کی اجازت دے دی ہے۔

محکمے نے اس کے لیے چار شرائط مقرر کی جن کے پورا اترنے پر ہی ویزا جاری کیا جائے گا۔ البتہ یہ شرائط کچھ زیادہ مشکل یا پیچیدہ نہیں ہیں۔

پچھلے چھ ماہ کی بینک سٹیٹمنٹ جس کے مطابق آپ کے اکاؤنٹ میں کم از کم چار ہزار ڈالر (پاکستانی روپوں میں پونے سات لاکھ کے لگ بھگ) کے مساوی رقم موجود ہو۔

اس کے علاوہ صحت کی انشورنس، پاسپورٹ کی نقل اور ایک رنگین تصویر درکار ہوں گی۔

یہ ویزا کسی بھی ملک کے شہری حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر ویزا جاری ہو گیا تو اس شخص کو پانچ سال کے دوران عرب امارات میں متعدد بار آنے جانے کی اجازت ہو گی، بشرطیکہ وہ کسی ایک وزٹ کے دوران وہاں 90 دن سے زیادہ عرصہ قیام نہ کرے۔

البتہ اگر کسی شخص کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ اسے 90 دن سے زیادہ کا وقت چاہیے تو وہ درخواست دے کر اس مدت کو 180 دن تک بڑھا سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویزے کی مدت کا آغاز ویزے کے اجرا کی تاریخ سے شروع نہیں  ہو گا بلکہ جس دن سے جب ویزے کا حامل عرب امارات پہنچے گا۔ اس ویزے کے لیے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔

ویزے کی فیس ساڑھے چھ سو درہم ہے جو موجودہ شرحِ تبادلہ کے مطابق پاکستانی روپوں میں 30 ہزار کے قریب بنتی ہے۔

اس وقت دبئی میں ایکسپو 2020 چل رہا ہے جس کی وجہ سے وہاں جانے والے سیاحوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ 

سنہرا ویزا

ایسے طلبہ جو عرب امارات کے سکولوں میں پڑھتے ہوں اور انہوں نے سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ کے امتحان میں 95 فیصد سے زیادہ نمبر لیے ہوں، انہیں گولڈن ویزا مل سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے اندر سے یا باہر کی یونیورسٹیوں کے وہ طلبہ جن کی گریڈ پوائنٹ ایورج 3.75 ہے، وہ بھی اس ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ ویزا کاروباری شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کرکٹ ٹیم ‘پشاور زلمی’ کے چیف ایگزیکیٹیو اور مشہور کاروباری شخصیت جاوید آفریدی کو اعزازی گولڈن ویزا مل چکا ہے۔

سبز ویزا

ستمبر کے مہینے میں عرب امارات نے گرین ویزے کے اجرا کا اعلان کیا ہے جو صنعت کاروں، سرمایہ کاروں کے علاوہ ہنرمند لوگوں اور طلبہ کو بھی دیا جا سکتا ہے۔

جن لوگوں کو یہ ویزا ملے گا وہ خود کو سپانسر کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے خاندان کے افراد کو بھی ہمراہ لا سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا