کوئٹہ فال آرٹ فیسٹول: نوجوان آرٹسٹوں کے فن پارے توجہ کا مرکز

فن پاروں میں تصاویر اور مجمسوں کے علاوہ مصوری سے جڑے دیگرشعبوں کی اشیا کی نمائش بھی ہوئی، جس کا اہتمام بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس نے کیا تھا۔ 

اس نمائش کی خاص بات یہ تھی کہ  جمال شاہ کاکڑ، ڈاکٹر فتح داؤد پوتہ،ڈاکٹر سمیرہ جاوید، جبار گل، کلیم خان، قدوس مرزا، آرایم نعیم اوربلوچستان کے  نامور آرٹسٹوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔(تصاویر: انڈپینڈنٹ اردو)

کوئٹہ میں منعقد ہونے والے فال آرٹ فیسٹول میں نئے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی، جس پرمہمانوں نے بھرپور پسندیدگی کا اظہار کیا۔

فن پاروں میں تصاویر اور مجمسوں کے علاوہ مصوری سے جڑے دیگرشعبوں کی اشیا کی نمائش بھی ہوئی، جس کا اہتمام بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس نے کیا تھا۔ 

  

آرٹسٹ اور نمائش کے منتظمین میں سے شامل منظور احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس نمائش کا مقصد بلوچستان یونیورسٹی کے فن کاروں کے کام کو سامنے لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ نمائش میں سینیئر فن کاروں کا کام پیش کیا گیا تاکہ لوگ یہاں کے آرٹ سے واقفیت حاصل کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں یہ بھی معلوم ہو کہ وہ کیا کام کررہے ہیں۔ 

 منظور احمد نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کی منفرد اور بڑی نمائش ہے، جس میں بڑی تعداد میں فن کاروں کے کام کو دکھایا گیا ہے۔ 

ملک کے ماہر فنکاروں کو مدعو کرنے کے حوالے سے سوال پر منظور نے بتایا: ’اس سے پہلے اس قسم کی نمائش نہیں ہوئی جبکہ دیگر علاقوں جیسے کہ سندھ، پنجاب اور اسلام آباد سے سینیئر استادوں کو بلانے کا مقصد انہیں یہاں کے فن کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس نمائش سے ہمارے نوجوان فن کاروں کو موقع ملے گا کہ وہ سینیئرفنکاروں کے ساتھ بیٹھ کر تبادلہ خیال کریں، جس سے نہ  صرف ان کے کام میں بہتری آئے گی بلکہ وہ کچھ نئی چیزوں کو بھی سیکھ سکتے ہیں۔ 

اس نمائش میں مصوری کےعلاوہ طلبہ نے مختلف چیزوں کی مدد سے بھی فن پارے بنائے تھے، جن میں لوگوں نے دلچپسی کا اظہار کیا۔ 

نمائش میں چھوٹے بڑے مجمسے بھی رکھے گئے، جن میں خصوصاً قائداعظم محمد علی جناح اور بلوچ قوم کے تاریخی کردار چاکر اعظم رند کا مجسمہ بھی شامل تھا۔ 

دو روزہ نمائش میں سوال جواب کے سیشن اور سینیئر استادوں سے ملاقات کے علاوہ طلبہ کے اپنے کام کےحوالے سے بریفنگ بھی شامل ہے، جس میں وہ نمائش میں رکھے گئے اپنے آئیڈیاز کے حوالے سے بتائیں گے۔ 

جامعہ بلوچستان کے سٹی کیمپس بروری روڈ کوئٹہ کےفائن آرٹس شعبے میں فن پاروں کی نمائش آج (جمعرات کو) بھی جاری رہے گی۔ 

پاکستان کے نامور آرٹسٹوں، جن کو مدعو کیا گیا ہے، میں جمال شاہ کاکڑ، ڈاکٹر فتح داؤد پوتہ، ڈاکٹر سمیرہ جاوید، جبار گل، کلیم خان، قدوس مرزا، آر ایم نعیم اور بلوچستان کے فن کار شامل ہیں۔ 

 

زیادہ پڑھی جانے والی تصویر کہانی