چین میں 139 ارب ڈالرز کی شاپنگ اور ایپل کا ڈرون؟

اس ہفتے کے راؤنڈ اپ میں ٹیکنالوجی کی دنیا کی پانچ اہم خبریں۔

رواں سال چین میں ای کامرس کے پلیٹ فارمز نے چینی حکومت کی جانب سے کم اصراف کی پالیسی کے تحت محدود مارکیٹنگ کی تھی (اے ایف پی)

اس ہفتے کے ٹیکنالوجی راؤنڈ اپ میں خوش آمدید۔ ہم یہاں آپ رواں ہفتے کی پانچ اہم ٹیکنالوجی کی خبریں بتائیں گے۔


139 ارب ڈالرز کی شاپنگ

چین میں لوگوں نے ’سنگل ڈے‘ نامی میلے میں ریکارڈ 139.1 ارب ڈالرز کی خریداری کر ڈالی۔

چین میں ہر سال یہ شاپنگ میلہ منعقد ہوتا ہے جس میں رواں سال کرونا وبا سے متاثر ہونے کے باوجود ریکارڈ رقم خرچ کی گئی۔

چین کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم علی بابا کے مطابق یکم نومبر سے 11 نومبر کے دوران لوگوں نے ان کی ویب سائٹ کے ذریعے 84.5 ارب ڈالرز کی خریداری کی تھی۔

علی بابا کی حریف کمپنی جے ڈی ۔ کام نے بتایا کہ ان کے پلیٹ فارم سے 31 اکتوبر اور 11 نومبر کے درمیان 54.6 ارب ڈالرز کی ٹرانزایکشنز رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال چین میں ای کامرس کے پلیٹ فارمز نے چینی حکومت کی جانب سے کم اخراجات کی پالیسی کے تحت محدود تشہیر کی تھی۔


ایپل کا ڈرون؟

ایپل اپنے آئی فونز اور لیپ ٹاپس کی وجہ سے دنیا میں شہرت رکھتا ہے لیکن کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کمپنی ڈرونز بھی ریلیز کرسکتی ہے؟

9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل نے گذشتہ سال ایک ڈرون کے لیے تین پیٹنٹس فائل کیے تھے جن میں سے دو حالیہ دنوں میں سامنے آئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پیٹنٹ امریکہ میں نہیں بلکہ سنگاپور میں فائل ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی اپیل بڑی تعداد میں پیٹنٹس کی درخواستیں جمع کراتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ ان تمام پیٹنٹس پر عمل کرتے ہوئے چیزیں مارکیٹ میں ریلیز بھی کی جائیں۔


فیس بک اور مائیکروسافٹ کی انوکھی پارٹنرشپ

فیس بک اور مائیکروسافٹ نے ایک منفرد پارٹنر شپ کا اعلان کیا ہے جس میں مائیکرو سافٹ کے سافٹ ویئر ’ٹیمز‘ اور فیس بک کی بانی کمپنی میٹا کے ورک پلیس کو ملا دیا جائے گا۔

ٹیمز اور ورک پلیس کاروباری دنیا میں حرف پلیٹ فارمز ہیں لیکن میٹا کا کہنا ہے کہ اس ملاپ سے ملازمین اب ایپس سے باہر جائے بغیر ٹیمز میں رہتے ہوئے ورک پلیس کے مواد تک رسائی پا سکیں گے۔


نیٹ فلیکس صارفین کے لیے خوش خبری

اگر آپ کے پاس نیٹ فلیکس تک رسائی ہے تو آپ پانچ ویڈیو گیمز سے مفت لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

نیٹ فلیکس اپنی ایپ میں گیمز کا آپشن شامل کر رہی ہے، جسے کلک کرنے پر آپ گوگل کے پلے سٹور میں چلے جائیں گے جہاں آپ یہ گیم ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

جولائی میں نیٹ فلیکس نے تصدیق کی تھی کہ وہ گیمز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

نیٹ فلیکس نے جو گیمز آفر کیے ہیں ان میں کارڈ بلاسٹ، شوٹنگ ہوپس، سٹرینجر تھنگز: 1984، سٹرینجر تھنگز 3 اور ٹیٹر آپ شامل ہیں۔


یوٹیوب کا ڈس لائیک کے اعداد چھپانے کا اعلان

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوٹیوب نے ہراسانی کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے ویڈیوز پر ڈس لائیک کے اعدادوشمار غائب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعداد صارفین کو تو نہیں لیکن صرف ویڈیو بنانے والے یا کانٹینٹ کریئیٹر کو نظر آئیں گے۔

یوٹیوب نے اس حوالے سے مارچ میں تجرباتی طور پر کچھ ویڈیوز پر ڈس لائیک کے اعداد غائب کیے تھے۔ 

یوٹیوب پر مخالفین مل کر کسی ویڈیو پر جانتے بوجھتے ’ڈس لائیک‘ حملہ کرتے ہیں تاکہ ویڈیو کی ریٹنگ نیچے جائے اور صارفین اسے دیکھنے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ اس اقدام کے بعد صارفین کسی بھی ویڈیو کو ڈس لائک کر سکیں گے لیکن انہیں یہ معلوم نہیں ہو سکے گا کہ ان کے علاوہ بھی کسی نے اس ویڈیو کو ڈس لائک کیا ہے یا نہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی