اطالوی دندان سازکی مصنوعی بازو پر ویکسین لگوانے کی ناکام کوشش

اٹلی میں ویکسی نیشن کی شرح85 فیصد ہے اور اس وقت12 سال سے زائد عمر کے افراد اس کے اہل ہیں۔ 30 سے 59 سال کی عمر کے لوگ ویکسین کے خلاف سے زیادہ مزاحمت کر رہے ہیں۔

پانچ اگست 2021 کی اس تصویر میں اٹلی کے شہر میلان میں ہیلتھ ورکر ایک شہری کو کرونا کی ویکسین لگا رہی ہے(اے ایف پی)

اٹلی میں ایک دندان ساز نے کرونا (کورونا) ویکسین سے بچنے کیلئے سیلیکون سے بنا مصنوعی بازو نرس کے آگے کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کی جس پر اب انہیں مقدمے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اٹلی کے شمالی شہر بیلا میں ایک نرس فیلیپا بوا نے بتایا کہ’ جمعرات کو جب ایک  شخص نے کرونا ویکسین لگوانے کیلئے مصنوعی بازو آگے بڑھایا تو انہیں واضح طور پر محسوس ہوا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘

نرس نے اطالوی اخبار کوریری ڈیلا سیرا کو بتایا’جب انہوں نے بازو کو باہر نکالا تو میں نے محسوس کیا کہ جلد سرد اور نرم تھی اور رنگ بہت ہلکا تھا۔‘

نرس نے ان کی شرٹ اٹھائی اور سیلیکون کا بازو دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں سمجھی57 سال شخص کا بازو کٹ چکا ہے اور انہوں نے انجانے میں غلط بازو آگے بڑھا دیا ہے۔‘

فیلیپا نے کہا کہ ’میں سمجھ گئی کہ یہ شخص مصنوعی بازو کا استعمال کر کے کرونا کی ویکسین نہیں لگوانا چاہتے، اور انہیں امید تھی میں انجانے میں سرنج لگا دوں گی۔‘

نرس نے کہا ’اس شخص نے اعتراف کیا کہ وہ ویکسین لگوائے بغیر’سپر ہیلتھ پاس‘ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘ جو کہ اٹلی میں پیر سے ہوٹلوں، سینیما اور تھیٹرز میں جانے کےلیے لازمی ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مذکورہ شخص کو پہلے بھی ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے کام سے نکالا جاچکا تھا، جوکہ اٹلی میں طبی عملے کے لیے لازمی ہے۔

نرس نے کہا کہ وہ آدمی شائستہ تھے اور ناکام کوشش کے بعد ویکسی نیشن سینٹر سے چلے گئے۔

فیلیپا کے مطابق ’ہم نے ایک لمحے کے لیے کام روک دیا اور سمجھ گئے کہ یہ صرف ایک غیر حقیقی صورت حال نہیں تھی بلکہ دھوکہ دہی کی ایک حقیقی کوشش تھی۔‘

اٹلی میں ویکسی نیشن کی شرح85 فیصد ہے اور اس وقت12 سال سے زائد عمر کے افراد اس کے اہل ہیں۔ 30 سے 59 سال کی عمر کے لوگ ویکسین کے خلاف سے زیادہ مزاحمت کر رہے ہیں۔ جبکہ35 لاکھ افراد کو ابھی تک کرونا کی پہلی ویکسین بھی نہیں لگی۔

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ