’انتہائی مایوس‘ جوکووچ آسٹریلیا سے بے دخل

ملک بدری کے ساتھ ہی ٹینس کے نمبر ون کھلاڑی کا 21 واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب بھی بکھر گیا۔

16 جنوری، 2022 کو بلغراد میں ایک شخص دیوار پر جوکووچ کی بنی ہوئی تصویر کے سامنے سے گزر رہا ہے (اے ایف پی)

کرونا ویکسین کے معاملے میں سنسنی خیز قانونی جنگ ہارنے کے بعد اتوار کو ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ کو آسٹریلیا بدر کر دیا گیا جہاں وہ آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے پہنچے تھے۔

ملک بدری کے ساتھ ہی ان کا 21 واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب بھی بکھر گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’انتہائی مایوس‘ جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ویزے کی منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھنے کے وفاقی عدالت کے متفقہ فیصلے پر عمل کریں گے۔

آسٹریلیا میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ جوکووچ کی کرونا ویکسینیشن کا معاملہ ویکسین لگوانے کے خلاف جذبات کو ہوا دینے کا سبب بن سکتا ہے۔

ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک دن قبل جوکووچ نے کہا: ’میں آسٹریلیا میں نہیں رک سکتا اور آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لے سکتا۔ مجھے امید ہے کہ اب ہم اپنی توجہ کھیل اور ٹورنامنٹ پر مرکوز کر سکتے ہیں جسے میں پیار کرتا ہوں۔‘

اے ایف پی کے رپورٹر نے اتوار کی شام ٹلامیرین ایئر پورٹ پر اس وقت جوکووچ کی تصاویر لیں جب وہ دبئی جانے والی پرواز میں سوار ہو رہے تھے۔

محض کچھ گھنٹے پہلے آسٹریلیا کی وفاقی عدالت کے چیف جسٹس جیمزآلسوپ نے چند خشک الفاظ کے ساتھ ٹینس سٹار کی طرف سے اپنے منسوخ شدہ ویزے کی بحالی دی گئی درخواست نمٹا دی تھی۔

واضح رہے کہ جوکووچ کو کرونا وائرس کی ویکسین نہیں لگی ہوئی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق 34 سالہ سربین کھلاڑی کو ہفتے کو میلبرن سے حراست میں لیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سربیا کی وزیر اعظم آنابرنابیچ نے جوکووچ کو ملک بدر کرنے کے آسٹریلیا کے فیصلے کو’توہین آمیز‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بلغراد میں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ’میرا خیال ہے کہ عدالت کا فیصلہ توہین آمیز ہے۔ میرے لیے یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے پاس محض چند دن کے وقفے سے دو مکمل متضاد عدالتی فیصلے ہوں۔‘

سربیا کے صدر الیکساندرووچک کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد انہوں نے ٹیلی فون پر جوکووچ سے بات کی۔ ’میں نے ان سے کہا کہ ان کا سربیا میں ہمیشہ خیرمقدم کیا جائے گا۔‘

آسٹریلوی عدالت کے فیصلے پر سربیا کی ٹینس ایسوسی ایشن (ٹی ایس ایس) نے کہا کہ ’مذاق ختم ہو گیا اور سیاست نے کھیل کو شکست دے دی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس