کراچی میں سردی کی لہراور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ کب تک جاری؟

کراچی میں گزشتہ روز 63 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس کے علاوہ گرد و غبار کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ کے قریب حد نگاہ 500 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

لانڈھی کے علاقے میں تیز ہوا سے بجلی کے تار گرنے کے باعث ایک شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا (تصویر: رمیشہ علی)

 محکمہ موسمیات کے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کے رخ میں تبدیلی کے باعث کراچی میں گرد آلود ہوائیں آج رات تک چلیں گی اور سردی میں کافی حد تک اضافہ ہوجائے گا جب کہ موسمیاتی تجزیہ کار بدر میمن کے مطابق سردی کی یہ لہر 27 جنوری تک جاری رہے گی۔

گزشتہ روز کراچی میں تیز ہواؤں کے باعث ہونے والے مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی اور ہلاک ہوئے۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن کے مطابق شہر میں تیز ہواؤں کے باعث مین روڈ سیکٹر 12 میں کے الیکٹرک کا کھمبا ایک گھر کی چھت پر گر گیا جس کے باعث ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ ، گلشن معمار، کنیز فاطمہ سوسائٹی اور شیرشاہ میں دیواریں گرنے سے تین افراد ہلاک ہوئے ہوئے اور لانڈھی کے علاقے میں تیز ہوا سے بجلی کے تار گرنے کے باعث ایک شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دیگر واقعات میں تین ہٹی کے قریب ایک تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک پرانا درخت گرگیا جس کہ وجہ سے دو رکشے اور درخت کے پاس موجود ایک چائے خانے کونقصان پہنچا۔

دوسری جانب پاپوش نگرمیں تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک سرکاری سکول کی دیواریں گرگئی وہیں جامعہ کراچی میں جاری تقسیم اسناد کی تقریب قنات گر جانے کے باعث ملتوی کرنی پڑی۔

 تیز ہواؤں کے بعد سے کراچی گرد وغبار کی لپیٹ میں ہے جس سے حد نگاہ بھی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے چیٖف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ کراچی میں گزشتہ روز 63 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس کے علاوہ گرد و غبار کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ کے قریب حد نگاہ 500 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ ان کے مطابق آج بھی شہر میں گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گا۔

تیز ہوائیں گرد آلود کیوں اور آخر کب تک؟

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ ’کراچی میں آج 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ کے قیرب ہے جو کہ رات تک اور کم ہوجائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’پنجاب میں بارشیں اور ہوا کا کم پریشر ہونے کے باعث کراچی میں ہوا کا پریشر کافی زیادہ ہوگیا۔ گزشتہ روز کراچی میں ہوائیں جنوبی مغرب سے چل رہی تھیں جس میں سمندری ہوائیں زیادہ تھیں۔ کل رات سے کراچی میں ہواؤں کا رخ شمال مغرب ہوگیا جس کے باعث بلوچستان کے چاغی ڈسٹرکٹ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں واقع صحرا سے مٹی تیز ہواؤں کے ساتھ شہر میں داخل ہوگئی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’کل رات سے اب تک کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے باعث کافی مٹی آگئی ہے۔ ہوا کا دباؤ کل کے مقابلے میں کافی کم ہوگیا ہے لیکن کم از کم آج رات تک گرد و غبار رہے گا۔‘

کراچی ڈاپلر کے ویدر اینلسٹ جواد میمن نے بتایا کہ ’کراچی میں آج گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے موسم سرد رہے گا۔ گزشتہ رات شہر میں کم سےکم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا اور آج ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد ہے۔‘

کراچی میں سردی بڑھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جانے کا امکان ہے اور شہر میں ٹھنڈا موسم 27 جنوری تک شہر میں برقرار رہے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان