آسٹریلین اوپن میں ’پنگ شوائی کہاں ہیں؟‘ کی شرٹس پہننے کی اجازت

آسٹریلین اوپن کے چیف کریگ ٹائیلی کا کہنا ہے کہ ’ویئر از پنگ شوائی‘ ٹی شرٹ اس صورت میں پہننے کی اجازت ہو گی کہ اسے پہننے والے پرامن رہیں گے۔

آسٹریلین اوپن کے دوران پنگ شوائی کی حمایت میں آنے والے تماشائیوں نے ’ویئر از پنگ شوائی‘ کی شرٹس پہن رکھی ہیں (اے ایف پی)

ٹینس کے بڑے مقابلے آسٹریلین اوپن میں مداحوں کو ایسی ٹی شرٹس پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے، جن پر ’ویئر از شوائی؟‘ یعنی ’پنگ شوائی کہاں ہیں؟‘ لکھا ہوا ہے۔

یہ بات آسٹریلین اوپن کے چیف کریگ ٹائیلی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو منگل کو بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مداحوں کو ’ویئر از شوائی‘ کی تحریر والی شرٹس پہننے کی اجازت ہے لیکن انہیں پرامن رہنا ہوگا۔‘

واضح رہے کہ چینی ٹینس سٹار پنگ شوائی نے نومبر میں الزام لگایا تھا کہ چین کے نائب صدر کے ساتھ ان کے ایک سالہ رشتے کے دوران انہیں مبینہ طور پر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ان الزامات کے بعد ان کی خیریت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ان کے انکشافات کو سوشل میڈیا پر فوری طور پر سینسر کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد 36 سالہ پنگ شوائی کو قریباً تین ہفتوں تک کسی نے نہیں دیکھا تھا، مگر بعد میں وہ چین میں ہی عوام کے سامنے آئی تھیں۔

تاہم اب اتوار کو میلبورن پارک میں چینی ٹینس سٹار کی حمایت میں تماشائیوں نے شرٹس اور بینرز اٹھا رکھے تھے جنہیں سکیورٹی عملے نے ہٹانے کا کہا تھا۔ اس پر شدید ردعمل کے بعد اب مداحوں کو یہ شرٹس پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس حوالے سے  کریگ ٹائیلی کا کہنا ہے کہ ’ویئر از پنگ شوائی‘ ٹی شرٹ اس صورت میں پہننے کی اجازت ہو گی کہ اسے پہننے والے پرامن رہیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’جب تک کہ وہ ہجوم کی صورت میں نہیں آتے اور پرامن رہتے ہیں‘ ٹی شرٹس کی اجازت ہوگی۔

’گذشتہ دو دنوں کے دوران صورتحال ایسی تھی کہ بعض لوگ دو بڑے پولز کے ساتھ بینرز لے کر آئے جس کی ہم اجازت نہیں دے سکتے۔‘

ان کا کہنا تھا: ’اگر آپ ٹینس دیکھنے آ رہے ہیں تو ٹھیک ہے، لیکن ہم کسی کو اس میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

دوسری جانب ان ٹی شرٹس کی پرنٹنگ کے لیے فنڈ اکھٹے کرنے کی غرض سے بنائے گئے گو فنڈ می پیج نے صرف دو دنوں میں ہی مطلوبہ فنڈز یعنی دس ہزار آسٹریلوی ڈالر کی رقم جمع کر لی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس