’سرفراز کو گھر بھیجو‘

بھارت سے میچ ہارنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصاً کپتان سرفراز احمد کو آڑے ہاتھوں لیا، جنہیں ان کی جمائی کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔

سرفراز احمد میچ کے دوران جمائی لیتے ہوئے۔ (سوشل میڈیا)

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں اتوار کو پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلا گیا میچ 89 رنز سے ہار گیا۔

پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ کے لیے اعصاب کی جنگ سے بڑھ کر ہوتا ہے، جہاں لوگ اپنی اپنی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیتے ہیں، خصوصاً سوشل میڈیا تو کسی میدان جنگ کا سا منظر پیش کر رہا ہوتا ہے اور ہارنے والی ٹیم اور کھلاڑیوں کو بھی پھر آڑے ہاتھوں لیا جاتا ہے۔

کل کے میچ کے بعد بھی ایسی ہی کچھ صورتحال ہے اور ٹوئٹر صارفین خوب خوب دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد تو خاص طور پر زیر عتاب ہیں، جنہیں نہ صرف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے اور پھر دورانِ فیلڈنگ لی گئی ایک جماہی نے طنز و تنقید اور میمز کے طوفان کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ دوسری جانب میچ سے قبل کھلاڑیوں کے شیشہ پینے کی ایک ویڈیو پر بھی صارفین تنقید کر رہے ہیں۔

پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی ٹوئیٹ میں سرفراز کی ’جمائی‘ پر چوٹ کرتے ہوئے ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے لکھا: ’یہ اعتراف کرنا پڑ رہا ہے کہ آج ایک طرف تو اچھی اور پیشہ ورانہ بھارتی ٹیم تھی اور دوسری طرف  کچھ بکھرے ہوئے کھلاڑیوں کا ایک دستہ تھا، جس کی قیادت ایک جمائی لیتا ہوا کپتان کر رہا تھا۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن کچھ پیشہ ورانہ پن بھی نظر آنا چاہیے۔

ایک صارف کے خیال میں ان سارے کھلاڑیوں کو مزدوری پر لگا دینا چاہیے، خصوصاً سرفراز کی تو کچھ زیادہ ہی ضرورت ہے۔

’سرفراز کو گھر بھیجو‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ انٹرنیٹ پر بہت سی میمز بھی گردش کر رہی ہیں۔

 کچھ لوگوں نے پاکستانی کپتان کو مشورے بھی دیے کہ انہیں نیند بھگانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔

ایک صارف تو اتنے مایوس نظر آئے کہ انہوں نے او ایل ایکس پر پوری ٹیم ایک ہزار روپے میں برائے فروخت کا اشتہار ہی لگا دیا۔

خیر ہار اور جیت تو کھیل کا حصہ ہے لیکن بھارت سے میچ میں شکست کو پاکستانی قوم بھولے نہیں بھول پا رہی۔ غم ابھی تازہ ہے، دیکھیے کب جاکے سنبھلتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل