پولیس کو چھ منٹ میں 12 برگر کھا کر فرار ہونے والے جوڑے کی تلاش

ریستوران کے مالک نے کہا: ’یہ اصولی معاملہ ہے۔ لوگوں کو بھاگنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘

’بائٹ می‘ برگر ریستوران نے گاہکوں کو یہ آفر دی تھی کہ اگر وہ چھ منٹ میں12 برگر کھا لیں تو ان سے پیسے وصول نہیں کیے جائیں گے (فائل فوٹو: پکسا بے)

برطانوی پولیس کو ایک ایسے جوڑے کی تلاش ہے، جس نے مبینہ طور پر چھ  منٹ میں12  برگر کھائے اور بل ادا کیے بغیر ایک ہوٹل سے بھاگ گیا۔

کہا جارہا ہے کہ اس جوڑے کو برطانیہ کی کاؤنٹی ولٹشائر کے علاقے مارلبورو  کے ایک ریستوران کی جانب سے کھانے کا چیلنج دیا گیا تھا۔

’بائٹ می‘ برگر ریستوران نے گاہکوں کو یہ آفر دی تھی کہ اگر وہ چھ منٹ میں12 برگر کھا لیں تو ان سے پیسے وصول نہیں کیے جائیں گے۔ ریستوران کے عملے نے یہ واضح کیا تھا کہ جوڑے (دو لوگ) اس چیلنج میں حصہ نہیں لے سکتے اور ہفتے کی رات ’بہت زیادہ مصروفیت‘ کے سبب اس چیلنج کی بکنگ پہلے سے کروانی پڑتی ہے۔

عملے نے الزام لگایا کہ جوڑے نے درجن بھر پیٹیز کا آرڈر دیا، انہیں کھایا اور ادائیگی سے انکار کرتے ہوئے یہ اصرار کیا کہ انہوں نے تو چیلنج پورا کیا ہے۔

مارلبورو پولیس نے کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات ایک ممکنہ چوری کے طور پر کر رہی ہے۔ اس حوالے سے ایک مرد اور عورت کی سی سی ٹی وی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، جن کی پولیس کو تلاش ہے۔

کنگزبری سٹریٹ میں واقع مذکورہ ریستوران کے مالک سائمن ویٹن نے بتایا کہ انہوں نے برگر کھانے والوں سے 174 پاؤنڈ وصول کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’برگر چیلنج کے لیے پہلے سے اس کا انتظام کرنا لازمی ہے، کیوں کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم بروقت اس کی تیار کرکے رکھیں۔‘

بقول سائمن: ’ہفتے کی رات تھی، ہم بہت مصروف تھے اور ہمارے پاس اس چیلنج کے لیے عملہ اور وقت نہیں تھا- اس کا پہلے سے انتظام کرنا لازمی تھا، تو ہم نے انہیں کہا کہ بدقسمتی سے وہ یہ چیلنج نہیں کرسکتے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’انہوں نے پھر بھی 12 برگرز کا آرڈر دیا اور کہا کہ وہ چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے اپنی معذرت کی وضاحت کی کہ اسے کرنا عملی طور پر ممکن نہیں، لیکن جب ادائیگی کی بات آئی تو جوڑے نے کہا کہ انہوں نے یہ چیلنج چھ منٹ میں کیا ہے اور وہ برگر کی ادائیگی نہیں کریں گے۔‘

سائمن کے مطابق: ’عملے نے پھر وضاحت کی کہ چیلنج کے وقت کا تعین ہم نے کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے ویٹریس سے اس کے متعلق بحث کی، وہ منیجر کو لینے گئی اور جب تک منیجر پہنچا اس وقت تک وہ جاچکے تھے۔‘

’میں نے انہیں ٹیلی فون کیا اور کہا کہ آپ پر میری یہ رقم واجب الادا ہے، براہ مہربانی واپس آئیں اور ادا کریں۔ انہوں نے یہ کہہ کر میرا فون کاٹ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ریستوران کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ واضح ہے کہ انہوں نے چھ منٹ میں برگر نہیں کھائے جبکہ اس کا انتظام بھی پہلے نہیں کیا گیا۔‘

ریستوران کے مالک نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی، جس نے فیس بک پر لکھا: ’ہم اس واقعے کی تحقیقات چوری کے طور پر کر رہے ہیں اور معلومات رکھنے والے کسی بھی شخص سے اپیل ہے کہ وہ ہمیں 101 پر کال کرے۔‘

سائمن ویٹن نے مزید کہا: ’میں پولیس یا عدالتوں کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان سب ریستورانوں پر لاک ڈاؤن رہا ہے، یہ اصولی معاملہ ہے۔ لوگوں کو بھاگنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘

اضافی معلومات ساؤتھ ویسٹ نیوز سروس کی طرف سے ہیں

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا