’کمر کس لیں‘: شہباز شریف کا ہفتے میں ایک چھٹی کا اعلان

وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں معاشی ماہرین کو سفارشات کی تیاری کا حکم دیا گیا۔ نئی حکومت کی جانب سے نیشنل اکنامک ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے۔

شہباز شریف سات اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے باہر (فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پہلے ہی خطاب میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا اور وزیراعظم آفس میں اپنے پہلے دن ہی وفاق میں ہفتہ وار دو چھٹیوں کو کم کر کے ایک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے برطرف ہونے کے بعد شہباز شریف نے گذشتہ شب وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کو منگل کی صبح وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آرنر بھی دیا گیا جس کے بعد انہوں نے بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

اسی حوالے سے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مقررہ سرکاری دفتری اوقات سے پہلے ہی یعنی صبح آٹھ بجے دفتر پہنچ گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں سرکاری اوقات کار کے مطابق صبح دس بجے دفاتر کھلنے کا وقت مقرر ہے۔ تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے دس بجے کے بجائے صبح آٹھ بجے کام شروع کرنے کا کہا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ہفتے میں دو کے بجائے ایک تعطیل کر دی ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی عوام کے لیے کیے گئے اعلانات پر عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں کیے گئے اپنے پہلے خطاب میں عوام کے لیے ریلیف کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کم سے کم تنخواہ 25 ہزار کر رہے ہیں اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی کرنے جا رہے ہیں۔

اب وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ان اعلانات پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’پینشن میں اضافے، کم از اکم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلانات پر فی الفور عمل درآمد کیا جائے ۔‘

ساتھ میں انہوں نے کہا کہ ’عوام کو سستی اشیا کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔‘

وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ’کمر، ہمت کس لیں، عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں، ایک لمحہ مزید ضائع نہیں کرنا۔‘

نیشنل اکنامک کونسل کی تشکیل کا فیصلہ

مزید براں وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایات جاری کیں۔ یہ تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آرا کی روشنی میں مرتب کی جائیں گی۔

نئی حکومت کی جانب سے نیشنل اکنامک ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے، کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

 وزارت عظمیٰ کا منصب باضابطہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں انہوں نے معاشی ماہرین کو سفارشات کی تیاری کا حکم بھی دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کیا جائے۔

 وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔  

وزیراعظم شہباز شریف نے آج اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مولانا فضل الرحمان سمیت سردار عطا اللہ مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کے منصب پر اپنی نامزدگی، حمایت میں ووٹ اور تعاون پر فرداً فرداً سب قائدین، رہنماؤں، اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کی مودی کو مسائل کو مل کر حل کرنے کی پیشکش

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی تھی، جس کا انہوں نے آج جواب دیا۔

اپنے سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے مودی کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے جس میں تمام دیرینہ مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے لکھا: ’پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں سب کو معلوم ہیں۔ اس لیے مل کر امن کے لیے کوشش کریں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان