’دس ہزار لاوارث بچوں‘کو پالنے والی بلقیس ایدھی چل بسیں

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بلقیس ایدھی کی وفات کی تصدیق کی۔

معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی جمعے کو کراچی میں انتقال کر گئیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بلقیس ایدھی کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’انہیں پانچ دن پہلے دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ آج رضائے الہی سے ان کا انتقال ہوگیا ہے۔

اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی سربراہ تھیں۔

بلقیس ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلالِ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

بلقیس ایک پیشہ ور نرس تھیں اور اس دوران عبدالستار ایدھی نے انہیں شادی کی پیشکش کی اور اپریل 1966 میں ان کی شادی ہوگئی۔

انہوں نے اپنی زندگی کی چھ دہائیوں سے زیاد انسانیت کی خدمت میں گزاری۔

ان کے اور عبدالستار ایدھی کے چار بچے فیصل، کبریٰ، زینت اور الماس سوگواران میں شامل ہیں۔

تعزیت اور افسوس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔ جبکہ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صارم برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ صارم برنی نے ابھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے کام آنے والوں کی خدمات کو ضائع نہیں کرتا۔ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ مرحومہ کے لواحقین فیصل ایدھی اور فیملی کو صبر عطا فرمائے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پیغام میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’بلقیس ایدھی کا انتقال قوم کا بہت بڑا نقصان ہے۔ اپنے طور پر وہ ایک ناقابل یقین خاتون تھیں، وہ ایدھی صاحب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہیں، چٹان کی طرح۔ انہوں نے مل کر انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی اور دنیا کی سب سے بڑی فلاحی تنظیموں میں سے ایک چلائی۔ ‘

ایک روز قبل، بلقیس ایدھی کی علالت سے متعلق خاتون اول تہمینہ درانی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا تھا۔ انہوں نے کراچی میں  وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران ان کی عیادت کی تھی۔

ان کے انتقال کے بعد تہمینہ درانی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’آج میں نے اس عورت کو کھو دیا جو اس وقت میری ماں بنی تھی جب مجھے سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ پوری دنیا اپنا ایک قیمتی اثاثہ کھو بیٹھی۔ میں میٹھادر سے اس یقین کے ساتھ واپس آئی تھی کہ ہم دوبارہ ملیں گے۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی بلقیس ایدھی کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے لکھا: ’محترمہ بلقیس ایدھی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ غریبوں، بے گھروں، خاص طور پر یتیموں اور لاوارث بچوں کے لیے خاموش، بے لوث کام نے انہیں ایک رول ماڈل اور امید کی علامت بنا دیا تھا۔ میری دعائیں اور تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘

سیاست سمیت کھیل، شوبز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بلقیس ایدھی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

کرکٹ بابر اعظم نے لکھا: ’ہم نے ایک حیرت انگیز روح، ہزاروں افراد کی ماں اور ایک بہترین رول ماڈل کھو دیا ہے۔‘

کرکٹر فخر زمان نے بھی بلقیس ایدھی کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے انہیں فرشتہ صفت انسان کہا۔

اداکارہ ماہرہ خان بھی بلقیس ایدھی کے انتقال کی خبر سن کر دل شکستہ نظر آئیں۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان