ریکارڈ ہے کہ مجھے ڈراموں میں محبت نہیں ملتی: کبریٰ خان

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ صنفِ آہن کی مشقوں کے بعد اب کوئی ایکشن فلم آرام سے کرسکتی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان انڈپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دے رہی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کا ریکارڈ ہے کہ انہیں ڈرامے میں ان کی محبت نہیں ملتی، صنفِ آہن میں بھی نہیں ملی۔

کبریٰ خان نے اپنے کیریئر کی ابتدا فلم ’نامعلوم افراد‘ سے کی تھی اور اس کے بعد متعدد ڈراموں اور چند فلموں میں کام کیا۔ ان کی فلم جوانی پھر نہیں آنی ٹو نے باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے اور ان کے بہت سے ڈرامے بھی بے انتہا مقبول ہوئے۔

حال ہی میں ان کا ڈراما صنفِ آہن اختتام پذیر ہوا ہے جبکہ ایک اور ڈراما ’سنگ ماہ‘ جاری ہے۔ یہ دونوں ڈرامے اس وقت پاکستان میں یوٹیوب پر ٹرینڈ ہورہے ہیں۔

انڈیپینڈینٹ اردو نے کبریٰ خان سے اپنی ملاقات میں پہلا سوال یہی کیا کہ سپراسٹار بن کر کیسا لگ رہا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اب تک انہیں یہ سمجھ میں ہی نہیں آیا کہ سپر اسٹار کیا ہوتا ہے، وہ بس خود کو اداکار کے طور پر دیکھتی ہیں، اور وہ خوش ہیں کہ ان کا کام پسند کیا جارہا ہے۔ شہرت کے ساتھ ضروری ہے کہ قدم زمین پر سے مضبوطی سے جمے ہوئے ہوں۔

فنکاروں کے ایک ہی وقت میں دو یا زیادہ ڈرامے چلنے پر ان کا کہنا تھا کہ اگر کردار ایک جیسے ہیں تو پھر تو عوام کو سمھنے میں مسئلہ ہوتا ہے، لیکن اگر کردار کی نوعیت مختلف ہے تو پھر اس میں حرج نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے سیٹ پر تھیں تو انہیں ایک دن عمیرہ احمد کا فون آیا اور انہوں نے کہا کہ ’تم ایسی فنکارہ ہو کہ جہاں ہم پھنستے ہیں وہاں تم مدد کو آجاتی ہو‘ تو اس طرح صنفِ آہن سائن کیا۔

کبریٰ خان نے کہا کہ وہ یقین رکھتی ہیں کہ پیار کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوتا، اس لیے وہ ہر ڈرامے میں محبت کو ضروری سمجھتی ہیں۔ ’ویسے میرا ریکارڈ تو یہ ہے کہ مجھے ڈراموں میں اپنی محبت نہیں ملتی اور صنفِ آہن میں بھی نہیں ملی۔‘

کبریٰ خان نے بتایا کہ کاکول جاتے ہوئے ان سمیت تمام لڑکیاں ذہنی طور پرتیار تھیں کہ انہیں وہاں صرف اداکاری نہیں کرنی بلکہ تربیت لینا ہوگی اس لیے وہ سب اپنی پوری جان لگا دیا کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’روزانہ کام کے بعد جب وہ واپس آتے تھے تو بہت سی خراشیں، کبھی خون نکل رہا ہوتا تھا اور دیگر مسائل ہوتے تھے، تاہم اس سے فائدہ بھی ہوا کہ کام اچھا ہوا، ابتدا میں زیادہ مشکل ہوئی بعد میں کچھ عادت ہوگئی۔‘

انہوں نے نشانے بازی کی مشق کے بارے میں بتایا کہ تمام ہی لڑکیوں کا نشانہ بہت اچھا لگا، ان میں سے ہر ایک کے پاس اپنا اپنا ٹرینر تھا جس کی وجہ سے زیادہ مشکلات نہیں پیش آئیں، ’اب تو ہم کسی ایکشن فلم میں آرام سے کام کرسکتے ہیں‘۔

کبریٰ نے اپنے کردار کے بارے میں بتایا کہ ماہ جبیں سے کیپٹن ماہ جبیں میں تبدیلی کا ایک سفر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس لیے اپنے بالوں کا رنگ بھی تبدیل کیا تھا اور دو مرتبہ ایسا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں اچھا وقت گزرا وہاں پر خاتون ہونے کے ناطے کسی قسم کا مسئلہ پیش نہیں آیا کیوں کہ وہاں لڑکا یا لڑکی ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں رہنے سے ان کے زندگی میں کافی ڈسپلن آیا۔

اپنے ڈرامے سنگِ ماہ کے بارے میں کبریٰ خان نے کہا کہ اگرچہ کردار صحافی کا ہے مگر شہرزاد کا کردار دراصل صحافی کے گرد نہیں گھومتا اس لیے کسی سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں محسوس ہوئی۔

عاطف اسلم کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ عاطف اسلم کو کچھ بتانا نہیں پڑا وہ بہت کھلے ذہن کے ساتھ آئے تھے اس لیے ان کے ساتھ کام اچھا رہا۔

سنگِ ماہ، شیکسپیئر کے ڈرامے ہیملٹ سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے اور کبریٰ کا کردار اوفیلیا سے ملتا ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف کچھ حد تک ہی ہے اس لیے اس کردار سے کچھ زیادہ نہیں کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کبریٰ نے ڈراما سیریل ہم کہاں کے سچے تھے میں مشل کا کردار کیا جو کافی مشہور ہوا، یہ منفی کردار تھا۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ جب انہیں لوگ برا بھلا کہتے تھے تو انہیں مزہ آتا تھا، کہ انہوں نے یہ کردار اچھے انداز سے نبھایا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک تو وہ تنگ کرہی تھیں اور وہ بھی ماہرہ خان کو تنگ کرنا، اس وجہ سے عوام کی جانب سے کافی غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا۔

’میں نے اور ماہرہ نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا، اسی لیے وہ میری سب سے زیادہ پسندیدہ ساتھی اداکارہ ہیں۔‘

کبریٰ نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنا اچھا لگتا ہے، لیکن ڈراموں میں کام کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں ہر ایک نہیں دیکھتا، ڈراما ہر کوئی دیکھتا ہے، اس وجہ سے کسی ایک کو چننا ممکن ہی نہیں۔

کبریٰ نے اپنی آنے والی فلموں کے بارے میں بتایا کہ ایک تو ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہے جس میں وہ مہوش حیات کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ دوسری فلم ’ابھی‘ کے نام سے ہے جس میں وہ گوہر ممتاز کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ہی فلمیں اسی سال آجائیں گی۔

کبریٰ نے آخر میں بتایا کہ انہیں موسیقی اور رقص بہت پسند ہے اور آنے والی فلموں نے ناظرین ان کا ڈانس ضرور دیکھیں گے البتہ جو انہوں نے سپر اسٹار میں کیا تھا یہ اس سے مختلف ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی