یہ زیادہ پرانی بات نہیں جب رمضان آتے ہی گھروں میں ایک عجیب سی بحث چھڑ جاتی تھی۔ ایک طرف افطار کے بعد چائے کے ساتھ پورا خاندان ٹی وی کے سامنے جمع ہوتا اور دوسری طرف اللہ بخشے میری اماں کو، جن کا شکوہ شروع ہو جاتا کہ چینلز لوگوں کو عبادتوں سے ہٹا کر ’فضول‘ بلکہ ان کے بقول ’واہیات‘ پروگراموں میں لگا دیتے ہیں۔
وہ زمانہ بھی کیا زمانہ تھا جب ’قدوسی صاحب کی بیوہ‘ اور ’بلبلے‘ جیسے خصوصی پروگراموں کی ہر روز نئی قسط نشر ہوتی تھیں۔ دیگر رمضان شوز چلا لیتے تو اماں اکثر حیران ہو کر کہتیں، ’غضب خدا کا، اب وینا ملک اور عامر لیاقت ہمیں دین سکھائیں گی، بس قیامت کی نشانیاں ہیں۔‘
وقت گزرتا گیا، اماں گزر گئیں اور کئی رمضان بھی، مگر وہ ڈرامے اور وہ گھریلو ماحول آج بھی یادوں میں کہیں محفوظ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اب بھی سحر و افطار ٹرانسمیشنز، گیم شوز اور خصوصی پروگرام نشر ہوتے ہیں، مگر سچ یہ ہے کہ رمضان ڈراموں کا وہ سادہ مگر دل میں اتر جانے والا لطف کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے تاہم روایت برقرار ہے۔ رواں سال بھی مختلف چینلز نے رمضان کے مبارک مہینے کے لیے نئے ڈراموں اور شوز کا اعلان کر دیا ہے، جن کے ٹریلرز ٹی وی سکرینوں اور یوٹیوب پر خوب گردش کر رہے ہیں۔
’کون سا ڈبہ کھولوں‘ طرز کے گیم شوز تو ویسے ہی ویک اینڈز پر ماحول گرمائے رکھتے ہیں، مگر رمضان آتے ہی یہ پروگرام شیطان کی آنت کی طرح مزید طویل ہو جاتے ہیں۔ کبھی بیت بازی، جنرل نالج کے مقابلے یا کسی بامعنی سرگرمی کا زمانہ تھا، اب معاملہ بس ایک ڈبہ کھولنے یا بے ڈھنگے ٹھمکے لگانے تک محدود رہ گیا ہے اور انعام میں موٹر سائیکل یا چند تولے سونا حاضر، قسمت اچھی ہو تو آپ بھی راتوں رات ’خوش نصیب‘ قرار پائیں۔
شوز کے برعکس ڈرامے اب بھی معیاری تفریح فراہم کرتے ہیں۔
تو آئیے دیکھتے ہیں کہ اس رمضان کون سے ڈرامے ناظرین کو متاثر کرتے ہیں اور بقول سورگ واسی اماں، کیا یہ ’شیطانی چرخہ‘ (ٹی وی) ہماری عبادات سے ’توجہ ہٹانے‘ میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔
تم لڑکے بھی ناں
رمضان 2026 کے نمایاں ڈراموں میں ’تم لڑکے بھی ناں‘ خاص دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔ اس ڈرامے کو روایتی رمضان کامیڈی کے انداز میں تیار کیا گیا ہے، جس میں مزاح، رومان اور خاندانی حالات کا امتزاج دکھایا جائے گا۔
ڈرامے کی تحریر فصیح باری خان کی ہے، جن کا نام کامیاب رمضان ڈراموں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ہدایت کاری یاسر نواز نے کی ہے جبکہ پروڈکشن مومنہ درید کے بینر تلے مکمل ہوئی ہے۔
یہ جین زیوں (نوجوانوں) کی کہانی ہے اس لیے کاسٹ میں کم عمر عینا آصف اور علی دیال کی جوڑی مرکزی حیثیت رکھتی ہے جب کہ یاسر نواز، عابد علی، انوشے عباسی اور آمنہ ملک سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔
توقع ہے کہ یہ ڈراما پرانے زمانے کی فیملی کامیڈی کی یاد تازہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس ڈرامے سے مجھے کچھ زیادہ ہی توقعات اس لیے ہیں کیوں کہ اسے ’قدوسی صاحب کی بیوہ‘ والے فصیح باری خان نے ہی تحریر کیا ہے تو دیکھتے ہیں یہ کہ اس میں بھی روح افزا، ودود اور ان کی تین بہنوں کی کامیڈی جیسا سحر طاری ہوتا ہے یا نہیں۔
دیکھ زرا پیار سے
ہم ٹی وی کا ہی ڈراما ’دیکھ زرا پیار سے‘ اس سال کے سب سے زیادہ زیر بحث پراجیکٹس میں شامل ہے۔ اسے صائمہ اکرم چوہدری نے تحریر کیا ہے، جو ماضی میں ’سنو چندہ‘ اور ’چپکے چپکے‘ جیسے کئی یادگار رمضان ڈرامے تخلیق کر چکی ہیں۔
یمنیٰ زیدی اور حمزہ سہیل پہلی مرتبہ ایک ساتھ سکرین پر نظر آئیں گے، جس نے ناظرین کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔
بشریٰ انصاری اور ارشد محمود جیسے سینیئر اداکار اس کی کاسٹ کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ نام سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ رومانوی کامیڈی رمضان کی شاموں کو ہلکا پھلکا رنگ دینے کی کوشش کرے گی۔
فسانہ مارٹ کا
گرین انٹرٹینمنٹ بھی اس بار رمضان کی دوڑ میں شامل ہے اور ’فسانہ مارٹ کا‘ کے ذریعے ایک مزاحیہ کہانی پیش کر رہا ہے۔
شجاع اسد، عینا خان اور فریال محمود اس ڈرامے کا حصہ ہیں جبکہ فریال محمود کی طویل وقفے کے بعد واپسی بھی اس پروجیکٹ کو خاص بناتی ہے۔ کہانی ایک مارٹ اور وہاں کام کرنے والے کرداروں کے گرد گھومتی ہے، جہاں روزمرہ کے حالات مزاحیہ رنگ اختیار کر لیتے ہیں۔
جہنم براستہ جنت
جہاں زیادہ تر رمضان ڈرامے کامیڈی پر مبنی ہوتے ہیں، وہیں ’جہنم براستہ جنت‘ نسبتاً سنجیدہ موضوع لے کر آ رہا ہے۔
گرین انٹرٹینمنٹ کا یہ ڈراما ملک کے حساس علاقوں میں رہنے والے عام لوگوں کی زندگی، دہشت گردی کے اثرات اور انسانی جذبات کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ کامیڈی کے برعکس ایک جذباتی کہانی ہے جو رمضان ڈراموں میں ایک مختلف تجربہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈرامے میں ایکشن، تھرل اور جذباتی کہانی کے ساتھ ایک محبت کی داستان بھی شامل ہے۔
کاسٹ میں عمر عالم، مومنہ اقبال، سچل افضل، بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ جیسے معروف اداکار شامل ہیں۔ یہ ڈراما رمضان میں معنی خیز تفریح فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
چھپ چھپ کے
ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کا ڈراما ’چھپ چھپ کے‘ بھی رمضان کی فہرست میں شامل ہے۔ اسامہ خان اور حرا خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ ایک روایتی رومانٹک کامیڈی ہے، جیسی رمضان ٹرانسمیشنز کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے اور امکان ہے کہ فیملی ناظرین میں مقبول ہو۔
عشق میں تیرے صدقے
جیو ٹی وی نے ’عشق میں تیرے صدقے‘ کو رمضان سے پہلے یعنی 13 فروری کو نشر کر کے دلچسپ حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس ڈرامے کو ایسے وقت میں نشر کیا جا رہا ہے جہاں یہ رمضان ڈراموں کے مقابلے میں اپنی جگہ بنا سکے۔
اس ڈرامے کی ہدایت کاری صائمہ وسیم نے کی ہے جبکہ کاسٹ میں منیب بٹ، علی عباس اور انیقہ ذوالفقار شامل ہیں۔ چینل کی حکمت عملی یہ ہے کہ اسے ایسے وقت میں نشر کیا جائے جہاں یہ دیگر رمضان ڈراموں کو ٹکر دے سکے۔
ہم راہی
جیو ٹی وی کے اس کے ٹیزرز نے پہلے ہی خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ دانش تیمور اور حبا بخاری کی جوڑی پر مشتمل یہ ڈراما ایکشن اور سسپنس سے بھرپور کہانی پیش کرے گا۔ اس ڈرامے کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امید کی جا رہی ہے کہ انتظامیہ اسے بھی رمضان میں ہی نشر کرے گی۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی رمضان میں تفریح اور عبادت کے درمیان وہی پرانی کشمکش برقرار رہے گی۔ اب دیکھتے ہیں کہ یہ ڈرامے ہمیں عبادات سے روک پانے میں کامیاب ہوں گے یا نہیں۔ لیکن آپ انہیں میری طرح فارغ اوقات یا رمضان کے بعد آن لائن بھی دیکھ سکتے ہیں۔