کوئی بھی میچ میرا آخری میچ ہوسکتا ہے: رافیئل ندال

ٹینس کے کھلاڑی رافیئل ندال نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی انجری کے باعث یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ان کا کوئی بھی میچ آخری ہوسکتا ہے۔

29 مئی 2022 کی اس تصویر میں ٹینس کھلاڑی رافیئل ندال پیرس میں کینیڈا کے فیلکس اوگر-الیسیم کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

ٹینس کے کھلاڑی رافیئل ندال نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی انجری کے باعث یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ان کا کوئی بھی میچ آخری ہوسکتا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 35 سالہ رافیئل نے کہا: ’میں یہاں جو بھی میچ کھیلتا ہوں وہ میرا آخری میچ ہوسکتا ہے۔‘

سپین کے اس کھلاڑی نے اتوار کو چار گھنٹے 21 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں کینیڈا کے فیلکس اوگر-الیسیم کے خلاف 3-6، 6-3، 6-2، 3-6، 6-3 سے کامیابی حاصل کی اور 16 ویں بار فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

17 سال پر محیط اپنے 112 میچوں کے کیریئر میں یہ صرف تیسرا موقع تھا جب رافیئل ندال کو پانچ سیٹ کھیلنے پڑے۔

مزید پڑھیے: رافیئل نڈال ایک ہزار میچ جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے

وہ رولینڈ گیروس میں دسویں بار عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ سے کھیلیں گے اور 2006 سے شروع ہونے والی اس رقابت میں دونوں کے درمیان مجموعی طور پر یہ 59 واں میچ ہوگا۔

رافیئل کو اس بات کا یقین نہیں تھا کہ آیا وہ پاؤں کی چوٹ کے بعد کھیل میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں۔ اس چوٹ کی وجہ سے وہ بہت پریشان رہے۔

صحت یاب ہونے کے لیے انہوں نے گذشتہ سال ومبلڈن، اولمپکس اور یو ایس اوپن میں حصہ نہیں لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رافیئل نڈال کی اینڈی مرے کو اپنی ذاتی کشتی کی پیشکش

رافیئل ندال نے کہا: ’میں اپنی صورت حال جانتا ہوں اور میں اسے تسلیم کرتا ہوں۔ میں زیادہ شکایت نہیں کرسکتا۔ میں رولینڈ گیروس کے کوارٹر فائنل میں ہوں۔ ڈھائی ہفتے قبل مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں یہاں آسکوں گا یا نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’میں صرف اس حقیقت سے لطف اندوز ہو رہا ہوں کہ میں یہاں مزید ایک سال کے لیے ہوں اور اگر ایمانداری سے بتاؤں تو ہر وہ میچ جو میں یہاں کھیلتا ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ یہ میرے ٹینس کیریئر میں میرا آخری میچ ہوگا یا نہیں۔‘

’اب میری صورت حال یہ ہے۔ یقیناً میں اپنے پاؤں کی وجہ سے ایک بار پھر ایک مشکل عمل سے گزرا ہوں، لہذا میں نہیں جانتا کہ مستقبل قریب میں میرے کیریئر کے ساتھ کیا ہوسکتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس