ملک ریاض مبینہ آڈیو:’ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں‘

مسلم لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ہیرے کی انگوٹھی کے بارے میں کی جانے والی اس گفتگو کے حوالے سے مزید ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں جس کے بعد اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ مقدمہ بھیجا جائے یا نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ پریس کانفرنس کے دوران(سکرین گریب)

حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے چند روز قبل اپنی ایک پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق ایک آڈیو پیش کی جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس آڈیو میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو مبینہ طور پر ایک ہیرے کی انگوٹھی دینے کے حوالے سے گفتگو کی جا رہی ہے۔

اس آڈیو کے سامنے آنے کے بعد سے اب تک حکومت اسے تفصیلی جانچ کے لیے کسی سرکاری ادارے جیسے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے پاس نہیں لے کر گئی ہے۔ 

اس حوالے سے عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مزید ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں جس کے بعد اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ مقدمہ بھیجا جائے یا نہیں۔

صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہیرے کا معاملہ صرف ایک کیس نہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ فرح خان نے بشریٰ بی بی کے ذریعے کئی افراد سے ہیرے، پینٹنگز اور گھڑیاں لیں اور دبئی جا کر بیچیں۔

’ان کے خلاف مزید ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں، قانونی مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا کہ کس فورم کے پاس جانا ہے اور کیا درخواست دینی ہے۔‘ 

اس آڈیو کے سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کی قیادت پر مسلسل تنقید کی جا رہی ہے اور بحث جاری ہے تاہم مسلم لیگ ن سے یہ سوال بھی پوچھے جا رہے ہیں کہ جب ثبوت نہیں تھے تو انہیں پبلک کیوں کیا؟

مبینہ آڈیو میں کیا ہے؟

پانچ جون 2022 کو سامنے آنے والی اس آڈیو گفتگو میں مبینہ طور پر ملک ریاض اور ان کی بیٹی عنبر فرح خان سے متعلق گفتگو کرتے سنائی دے رہے ہیں۔ 

آڈیو میں فرح خان کی مبینہ فرمائش کا حوالہ دیتے ہوئے کام کے عوض ہیرے کی انگوٹھی دینے پر بات چیت ہوتی ہے۔

لیک آڈیو کے مطابق عنبر مبینہ طور پر ملک ریاض کو فرح خان سے ہونے والی گفتگو کا احوال سنا رہی ہیں جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا بھی ذکر کیا۔ 

آڈیو میں ملک ریاض کی بیٹی نے فرح خان کی جانب سے کم از کم پانچ قیراط انگوٹھی کے مطالبے کا بھی دعویٰ کیا۔

تاہم ملک ریاض نے ایک ٹویٹ میں اس آڈیو کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان سے منسوب کی گئی یہ آڈیو ’جدید ٹیکنالوجی ڈیپ فیک کی پیداوار ہے، ایسی آڈیو بنانا کوئی حیران کن بات نہیں۔‘ 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’کسی جماعت کی سیاسی مہم میں شامل نہیں ہونا چاہتے لیکن ان کی آواز ذاتی اور سیاسی معاملات طے کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان پر ’مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں، جس کی زد میں اب ان کا خاندان بھی آ رہا ہے۔‘

ملک ریاض نے اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’جو کوئی بھی جعلی مواد پھیلانے اور اس کی سہولت کاری کرتے ہوئے پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو نے اس معاملے پر جب شہباز گل سے موقف کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ’ایک نجی نیوز چینل پر مہر عباسی کے پروگرام کی ویڈیو لیک ہوئی تھی جس میں مریم صفدر نے کہا تھا کہ پلیز ملک صاحب کو کہیں کہ وہ یہ کہہ دیں کہ ہم نے گاڑی نہیں لی تھی۔‘ 

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’مریم صفدر کی ملک ریاض سے متعلق لیک ہونے والی ویڈیو پر موقف لیا جائے، بعد میں ہم اپنا موقف دیں گے۔ مریم صفدر کی وہ ویڈیو موجود ہے میں ٹوئٹر پر شیئر بھی کردوں گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان