’ملک سنبھال نہیں سکتے تو سازش کیوں کی؟‘

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آگے مزید مہنگائی ہونے والی ہے۔

عمران خان نے جمعرات کی رات ایک ویڈیو پیغام جاری کیا (سکرین گریب)

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آگے مزید مہنگائی ہونے والی ہے۔

عمران خان نے جمعرات کی رات ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں آج پوری قوم کو پرامن احتجاج کے لیے دعوت دے رہا ہوں۔‘

احتجاج کی کال دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اتوار کو نو بجے سب نے احتجاج کے لیے نکلنا ہے۔‘

’میں اپنی پوری قوم کو، ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو، ٹریڈ یونینز، پروفیشنلز، ڈاکٹرز کو، انجینیئرز، کلرکس اور سرکاری ملازمین سمیت آپ سب کو اس احتجاج کے لیے دعوت دے رہا ہوں۔‘

انہوں نے عوام سے مخطاب ہوتے ہوئے کہا کہ ’یہ تماشا آپ نے مزید دیکھنا ہے کیوں کہ آگے مزید مہنگائی ہونے والی ہے۔‘

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’اس سے ان (حکمرانوں) کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، فرق ان کو پڑے گا جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں ویڈیو سکرین کے ذریعے آپ سب سے 10 بجے بات کروں گا۔ تو آپ سب اپنے اپنے شہروں میں پرامن احتجاج کے لیے نکلیں۔‘

’کیوں کہ میں چاہتا ہوں کہ ان (حکمرانوں) کو یہ پیغام جائے کہ اگر آپ ملک سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں اتنی سازش کی؟ اگر آپ آج  یہ کہتے ہیں کہ بارودی سرنگیں بچھا دی گئی تھیں تو آپ کو کیا ضرورت تھی کہ جب ملک صحیح سمت میں جا رہا تھا تو اسے کیوں آپ نے ڈی ریل کیا؟‘

انہوں نے الزام دہرایا کہ ایسا انہوں (حکمرانوں) نے اس لیے کیا کیوں کہ وہ اپنی ’چوری‘ بچا سکیں اور اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو ملک میں مہنگائی کی وجہ بتا رہے ہیں۔

’آج آپ کو یہ یاد آیا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں، عالمی بحران چل رہا ہے۔ ہم بھی اس (بحران) کا سامنا کر رہے تھے۔ میں بار بار بتا رہا تھا کہ ہم بڑی مشکل سے اپنے لوگوں کو مہنگائی سے بچا رہے ہیں اور عالمی مہنگائی سے عوام کو بچا رہے ہیں۔ کتنی ہم نے سبسڈی دی۔ تب یہ (اپوزیشن جماعتیں)  کہہ رہی تھیں کہ کیوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا رہا ہوں اور مہنگائی کر رہا ہوں۔‘

 انہوں نے کہا کہ ’ہمارے خلاف مہنگائی مارچ کیا جا رہا تھا اور آج انہوں نے جتنی مہنگائی کی ہے، ملک کی تاریخ میں کبھی ایسی مہنگائی نہیں ہوئی۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں موجودہ متحدہ حکومت اب تک تین مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر چکی ہے، جس کے بارے میں وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں پہلے 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا اس کے بعد دوسری مرتبہ بھی 30 روپے ہی کا اضافہ دیکھا گیا اور اب 15 جون کی رات بھی وفاقی وزیر خزانہ نے 24 روپے تک کا اضافہ کیا۔

اس تمام اضافے کی بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت اب تقریباً 234 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان