نواز کی عمدہ بولنگ اور آغا سلمان کی جارحانہ بیٹنگ

پاکستان پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ’مشکل‘ سے فتح کے بعد دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف باآسانی جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

آغا سلمان نے نیدر لینڈز کے خلاف 35 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے (تصویر: پی سی بی)

پاکستان پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ’مشکل‘ سے فتح کے بعد دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف باآسانی جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

پہلے میچ میں ایک بڑا سکور کرنے والی نیدرلینڈز کی ٹیم اس بار پاکستان کو مشکل میں ڈالنے میں کامیاب نہ ہو سکی جس کی وجہ ان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔

پچھلے میچ کے بعد فخر زمان نے بھی یہی کہا تھا کہ آغاز میں پچ قدرے مشکل تھی اور بعد میں آسان ہوتی چلی گئی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز 186 رنز ہی بنا سکا۔ جیسی اننگز لیڈ اور ٹام کوپر نے کھیلی، اگر دوسرے بلے باز بھی ویسی ہی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ بورڈ پر بڑا سکور لگا سکتے تھے۔

لیڈ اور ٹام کوپر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنائے۔ لیڈ نے 89 اور کوپر نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 20 کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکا۔ اس کی وجہ پاکستانی بولرز کا تجربہ اور نپی تلی بولنگ تھی۔

پچھلے میچ میں خاصے مہنگے ثابت ہونے والے پاکستانی بولرز نے اس میچ میں نہ صرف کم رنز دیے بلکہ وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حارث رؤف اور محمد نواز تین، تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے جبکہ نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیدرلینڈز کے 186 رنز کے جواب میں پاکستان کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا کیونکہ اس کے دونوں اوپنر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ گذشتہ میچ میں سینچری سکور کرنے والے فخر زمان تین اور امام الحق چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پھر بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کو سنبھالا اور بعد میں آنے والے آغا سلمان نے میچ فنش کیا۔

کپتان بابر اعظم ایک اور نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوئے اور 57 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان 69 اور آغا سلمان نے ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ میں عمدہ بولنگ کرنے پر محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ