’انڈین ٹیم کے لیے اچھی خبر‘: شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

ایک تو ایشیا کپ اور پھر ایشیا کی دو سب سے بڑی ٹیموں پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلہ مگر دونوں ہی ٹیموں کے دو بڑے بولرز ہی میدان میں نہ اتر رہے ہوں تو کیسا محسوس ہو گا؟

یہ تصویر 24 اکتوبر 2021 کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ کے دوران لی گئی تھی (اے ایف پی)

ایک تو ایشیا کپ اور پھر ایشیا کی دو سب سے بڑی ٹیموں پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلہ مگر دونوں ہی ٹیموں کے دو بڑے بولرز ہی میدان میں نہ اتر رہے ہوں تو کیسا محسوس ہو گا؟

ظاہر ہے کرکٹ کے ہر مداح کے لیے یہ ایک مایوس کن خبر ہے اور جب یہ دونوں بولرز شاہین شاہ آفریدی اور جسپریت بمراہ ہوں تو مایوسی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

کچھ روز پڑوسی ملک انڈیا سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اس کا سٹرائیک بولر جسپریت بمراہ کمر میں تکلیف کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

اور اب پاکستان سے خبر آئی ہے کہ گذشتہ میچوں میں انڈیا کو مشکل میں ڈالنے والے شاہین شاہ آفریدی بھی گھٹنے میں تکلیف کے باعث نہ صرف ایشیا کپ بلکہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہین آفریدی کا باہر ہونا یقیناً پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیوں کہ ان سے ویسی ہی بولنگ کی توقع کی جا رہی تھی جو انہوں ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈپینڈنٹ سپیشلسٹس نے تازہ ترین سکینز اور رپورٹس کی روشنی میں شاہین آفریدی کو چار ہفتوں کے لیے آرام تجویز کیا ہے۔

بیان کے مطابق ممکنہ طور پر شاہین آفریدی کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہہ فریقی ٹی 20 سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہو گی۔

شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔

پاکستانی مداحوں کی مایوسی کا اندازہ اس وقت سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی کے نام سے ٹرینڈ کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے جو اس خبر کے آتے ہی چند لمحوں میں ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

اس ٹرینڈ میں آپ کو زیادہ تر میمز اور ویڈیوز میں بھارتی بلے باز دکھائی دیں گے جس کی وجہ یقیناً ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کا وہ سپیل ہے جس میں وہ پہلے ہی اوور سے مخالف ٹیم کو بیک فٹ پر لے گئے تھے۔

بعض صارفین شاہین آفریدی کے باہر ہونے کے بعد ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے نام پر بحث کر رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ محمد عامر جو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں ان کا نام لیتے دکھائی دے رہے ہیں تو کچھ حسن علی اور میر حمزہ کو ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

تاہم تاحال پی سی بی کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کچھ صارفین یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ انڈین ٹیم کے لیے خوشخبری ہے جبکہ وہیں انڈین صارفین کہہ رہے ہیں کہ اس میں اداس ہونے کی کیا بات ہے ’ہمارے بولر بھی باہر ہوئے ہیں۔‘

حارث صافی نامی ایک صارف نے لکھا: ’ہیلو روہت، راہل۔۔۔ انڈیا ٹیم کے لیے اچھی خبر۔۔ شاہیں آفریدی ایشیا کپ سے باہر۔‘

 

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ