امریکہ میں فائرنگ سے تین ڈچ کمانڈو زخمی

نیدرلینڈز کی وزارت دفاع نے تینوں زخمیوں کی شناخت کمانڈو کور کے اہلکاروں کے طور پر کی ہے جو جنوبی انڈیانا میں مشقوں پر تھے۔

16 اپریل، 2021 کی اس تصویر میں انڈیاناپولس کے دو پولیس اہلکار نظر آ رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکی ریاست انڈیانا کے دارالحکومت انڈیاناپولِس میں تربیت کے لیے آئے نیدرلینڈز کے تین فوجیوں کو ہوٹل کے باہر گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی وجہ بظاہر ’جھگڑا‘ قرار دی گئی ہے۔

ہفتے کو نیدرلینڈز کی وزارت دفاع نے ان تینوں افراد کی شناخت کمانڈو کور کے ڈچ فوجیوں کے طور پر کی جو جنوبی انڈیانا میں مشقوں پر تھے۔

ہالینڈ کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ تین افراد میں سے ایک کی حالت تشویش ناک اور باقی دو کی بہتر ہے۔

یہ واقعہ نیدرلینڈز کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے کے قریب ہیمپٹن اِن ساؤتھ میریڈیئن سٹریٹ اور ویسٹ میری لینڈ سٹریٹ پر پیش آیا۔

نیوز چینل فوکس 59 نے رپورٹ کیا کہ ڈچ فوجی مسکاٹک اربن ٹریننگ سنٹر میں تربیت لے رہے تھے۔

انڈیانا نیشنل گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ ایک اعلیٰ تربیتی مرکز ہے اور اسے محکمہ دفاع سمیت دیگر اتحادی بھی استعمال کرتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’ڈچ فوجی ڈیوٹی والے دن کے اختتام پر انڈیاناپولس گئے۔ ہمارے جذبات اور دعائیں اس مشکل وقت میں فوجیوں اوران کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘

انڈیانا پولس کے وش ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ رائل نیدرلینڈز آرمی کے ترجمان میجر مارک وان دی بیک نے نیوز ایٹ کو بتایا کہ’کمانڈو کور تربیتی مرکز میں شہری علاقوں میں جنگ کی تربیت کے لیے انڈیانا میں ہے۔‘

انڈیانا پولس میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے زیادہ تفصیل ظاہر نہیں کی۔ آئی ایم پی ڈی کے میجر جوشوا گیسی نے میڈیا کو بتایا کہ’ابھی ہم جن معلومات کا انکشاف کرنا چاہتے ہیں وہ یہ ہیں کہ یہ ہوٹل کے اندر پیش آنے والا کوئی واقعہ نہیں تھا۔ یہ کوئی گذشتہ جھگڑا تھا جو ہمارا ماننا ہے کہ کسی دوسرے مقام پر ہوا۔‘

انڈیانا سے امریکی کانگریس کے رکن آندرے کارسن کا ہفتے کی صبح ایک تقریب کے دوران کہنا تھا کہ ’ہم اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے وزارت خارجہ اور وائٹ ہاؤس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘

پولیس ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کر سکی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ