دو ماہ بعد مہنگائی پر قابو پا لیں گے: وزیر خزانہ

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق افغانستان کے بعد ایران سے پیاز اور ٹماٹر منگوانے سے ان سبزیوں کی قمیت کم ہو رہی ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل 15 دسمبر، 2021 کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے (مفتاح اسماعیل/اے ایف پی)

پاکستان کے وزیر خزانہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ہفتے کو دعویٰ کیا کہ وہ دو مہینوں میں موجودہ مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کے باعث ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو کم کرنے کے لیے افغانستان سے ان سبزیوں کی درآمد سے قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ افغانستان کے بعد ایران سے بھی پیاز اور ٹماٹر منگوا رہے ہیں جس سے صورت حال مزید بہتر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان سبزیوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی نہ صرف افغانستان کے لیے ختم کی گئی ہے بلکہ پوری دنیا سے ان کی درآمد کے لیے امپورٹ ڈیوٹی معاف کی گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے سندھ میں کپاس کی پوری فصل تباہ ہو گئی جب کہ گنے کی 20 فیصد فصل بھی سیلاب کی نذر ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں حکومت نے غذائی قلت سے بچنے کے لیے 15 لاکھ ٹن گندم بھی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کپاس کو ہونے والے نقصان کے باعث حکومت ٹیکسائل کی صنعت کو روئی کی مزید درآمد کی اجازت بھی دے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ 40 لاکھ گھرانوں کو فی کس 25 ہزار روپے امداد فراہم کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحالی کے لیے حکومت 60 سے 70 ارب روپے خرچ کرے گی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ملک میں مہنگائی میں کافی اضافہ ہوا ہے تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ایسا سیلاب کے باعث ہوا۔

ان کے بقول اگست کے آخری ہفتے میں مہنگائی کا گراف سب سے اوپر تھا جس کی وجہ سیلاب سے ہونے والا نقصان تھا۔ تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ دو ماہ بعد مہنگائی پر کنٹرول کر لیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے اس موقعے پر اپوزیشن رہمنا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے باوجود اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

’میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ کتنے علاقوں کا دورہ کیا اور اس کے برعکس وہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے روز سیاسی جلسے سجا رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان ریکارڈ قرضوں کے ساتھ پاکستان کو سری لنکا بنانے کی پوری کوشش کر چکے تھے لیکن وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت