انڈیا میں فائیو جی سروس کا آغاز

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مخصوص شہروں میں لانچنگ کے بعد اسے اگلے دو سالوں میں پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔

حکومت نے کہا کہ انڈیا میں فائیو جی کے مجموعی اقتصادی ثمرات 2035 تک 450 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے(اے ایف پی)

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کو ملک میں فائیو جی سروس کا افتتاح کرتے ہوئے اسے انڈیا کے لیے ’نئے دور کی جانب ایک قدم‘ قرار دیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مخصوص شہروں میں لانچنگ کے بعد اسے اگلے دو سالوں میں پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔

وزیر اعظم مودی نے اس سروس کا آغاز درالحکومت نئی دہلی سے کیا جس کا مقصد انڈیا کے ٹیلی کام اداروں کی جانب سے اںٹرنیٹ کی ہموار کوریج، ہائی ڈیٹا ریٹ، انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں کم تاخیر اور انتہائی قابل اعتماد مواصلات کا نظام فراہم کرنا ہے۔

مودی نے اس موقع پر کہا: ’آج کا یہ دن تاریخ میں لکھا جائے گا۔ یہ ملک میں نئے دور کی طرف ایک قدم اور لامحدود مواقعوں کا آغاز ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس افتتاح کے بعد ’بھارتی ایئر ٹیل‘ ہفتے کے روز سے آٹھ  بڑے شہروں میں اپنی فائیو جی سروس شروع کر رہا ہے اور کمپنی نے پانچ ہزار شہروں میں ملک گیر کوریج مکمل کرنے کے لیے مارچ 2024 کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔

ایک اور مقامی ٹیلی کام کمپنی ’جیو ریلائنس‘ اکتوبر میں چار میٹروپولیٹن سے یہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور 18 ماہ میں زیادہ تر شہروں اور قصبوں تک پہنچنے کی امید کر رہی ہے۔

حکومت نے کہا کہ انڈیا میں فائیو جی کے مجموعی اقتصادی ثمرات 2035 تک 450 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔

تحقیقاتی ایجنسی OMDIA کا اندازہ ہے کہ تقریبا 37 کروڑ فائیو جی صارفین کے ساتھ، جو اس وقت کل عالمی فائیو جی سبسکرپشنز کا نصف سے زیادہ ہے، 2026 تک عالمی درجہ بندی میں انڈیا اس ٹیکنالوجی میں صرف چین اور امریکہ سے ہی پیچھے ہوگا۔

بزنس سٹینڈرڈ اخبار کے مطابق انڈیا 14 کروڑ 70 لاکھ صارفین کے ساتھ جاپان کو تیسرے نمبر سے ہٹا کر اس کی جگہ لے لے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی