خفیہ ایجنسی نے آڈیو لیکس کا ابتدائی نتیجہ اخذ کر لیا: وزیر داخلہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسی ابتدائی نتیجے تک پہنچ چکی ہے کہ آڈیو ریکارڈنگز کیسے اور کس نے کیں اور یہ کہ مکمل تحقیقات کے بعد تفصیلی وجوہات سامنے آ جائیں گی۔

وزیر داخلہ 24 مئی، 2022 کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (اے ایف پی)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے جمعے کو کہا ہے کہ ریاست پاکستان کی ایک خفیہ ایجنسی ایوان وزیر اعظم میں آڈیو ریکارڈنگز سے متعلق ابتدائی نتیجے پر پہنچ چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان وزیر اعظم میں بغیر کسی کے علم میں لائے آڈیو ریکارڈنگ اس اہم جگہ کی سکیورٹی بریچ کے مترادف ہے۔

تاہم انہوں نے کہا وفاقی حکومت کے تحت کام کرنے والی ایک خفیہ ایجنسی ان آڈیو ریکارڈنگز سے متعلق ابتدائی نتیجے تک پہنچ چکی ہے کہ یہ سارا کام کیسے اور کس نے کیا؟

رانا ثنااللہ کے مطابق خفیہ ایجنسی کی تحقیقات کے بعد تفصیلی وجوہات سامنے آجائیں گی، جنھیں عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

گذشتہ کئی روز سے اسلام آباد میں ایوان وزیر اعظم (وزیر اعظم پاکستان کے دفاتر اور سرکاری رہائش گاہ) کے اندر ریکارڈ کی گئی آڈیوز منظر عام پر آ رہی ہیں۔

ان مختلف آڈیو ریکارڈنگز میں مبینہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے موجودہ وفاقی وزرا کے علاوہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

عمران خان کی تیسری مبینہ آڈیو 

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آج ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کسی نمبر گیم کی بات کر رہے ہیں۔

اس آڈیو کے ردعمل میں پی ٹی آئی رہنما فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ’آڈیوز جہاں بن رہی ہیں ان کا بھی لوگوں کو پتہ ہے اور کیسے بن رہی ہیں ان کا بھی۔‘

پی ٹی آئی چیئرمین کی سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ وہ کسی کو خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔

آڈیو کلپ میں عمران خان مبینہ طور پر کہہ رہے ہیں: ’آپ کو یہ بڑی غلط فہمی ہوگئی ہے کہ جناب اب نمبر گیم پوری ہوگئی ہے۔

’یہ نمبر ایسا ہے نہیں۔ کیوں کہ اب سے لے کر48 گھنٹے میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں۔

’میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں، جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔ پانچ تو میں خرید رہا ہوں نا، میرے پاس ہیں پانچ۔

 ’پانچ خریدو، میسج دینی ہے کہ وہ جو پانچ ہیں نا وہ پانچ بڑے اہم ہیں۔ اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں پانچ کر دے وہ والے، دس ہوجائیں تو گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔

’اس وقت قوم الارم ہوئی ہوئی ہے، لوگ چاہ رہے ہیں کسی طرح ہم جیت جائیں۔

’تو اس لیے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط۔ کوئی بھی حربہ ہو ایک ایک بھی اگر کوئی توڑتا ہے تو اس سے بھی بڑا فرق پڑے گا۔‘

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خیال میں سابق وزیر اعظم کی آج سامنے آنے والی آڈیو عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پیش ہونے اور تحریک پر ووٹنگ کے درمیان کے دنوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آہستہ آہستہ کھل کر سامنے آ رہے ہیں اور پاکستانی عوام کو ان کی اصلیت معلوم ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کی آڈیو لیک ہوتے ہی ٹوئٹر پر#AudioLeaks  اور #پانچ تومیں خریدرہا_ہوں ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ انتظامی اقدامات کے علاوہ وفاقی حکومت دو مختلف سیاسی حل پر بھی غور کر رہی ہے اور منظوری کی شکل میں ان پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حل پر اس دن عمل شروع ہو گا جب عمران خان دھرنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عمران خان اور تحریک انصاف کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کی اجازت نہیں دے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان