ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں نمیبیا کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست

نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے شاندار جیت کے بعد کہا: ’یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن رہا ہے، لیکن ہم یہاں سے آگے بڑھ کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔‘

16 اکتوبر 2022 کی اس تصویر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائر راؤنڈ کے پہلے میچ میں نیمبیا کے کھلاڑی مائیکل وان لنگن (دائیں) کا ایک انداز جبکہ پس منظر میں سری لنکن کھلاڑیوں کو دیکھا جاسکتا ہے (اے ایف پی)

آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے اتوار کو سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔

گی لونگ کے میدان میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نمیبیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کو 164 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پوری لنکن ٹیم 19 اوورز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پچھلے سال متحدہ عرب امارات میں اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ سے ڈیبیو کرنے والی نمیبیا کی ٹیم سپر 12 میں جگہ بنانے کی کوششوں میں ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے شاندار جیت کے بعد کہا: ’ناقابل یقین سفر۔ گذشتہ برس ہمارے لیے ایک خاص تجربہ تھا۔ ہم نے ایک زبردست جیت کا آغاز کیا، لیکن اس پورے ٹورنامنٹ میں ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن رہا ہے، لیکن ہم یہاں سے آگے بڑھ کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیمیں سپر 12 مرحلے تک پہنچنے کے لیے دو گروپوں میں کوالیفائر میچز کھیلیں گی۔ آج ہی نیدرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کا میچ بھی ہوگا۔

سری لنکا کی ٹیم اگرچہ براہ راست سپر 12 مرحلے میں نہیں پہنچ سکی ہے لیکن اس کے پہنچ جانے کے سو فیصد امکانات ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دوسری بڑی ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کرے گی۔

سری لنکا کے گروپ ونر ہونے کی صورت میں پاکستان سے اس کا مقابلہ نہیں ہوسکے گا۔ پاکستان گروپ دوم میں ہے اور گروپ اے کی فاتح ٹیم گروپ اول میں جائے گی۔

یو اے ای بمقابلہ نیدرلینڈز

اتوار کو ایک اور میچ گیلونگ میں ہی متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

نیدرلینڈز نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلی ہے۔ اگرچہ یہ ٹیم ہار گئی تاہم پاکستان کے خلاف دوسرے میچ میں ایک موقع پر میچ ان کی گرفت میں آگیا تھا۔

نیدرلینڈز کی کپتانی آسٹریلین نژاد مارک ایڈورڈز کے ہاتھوں میں ہے اور بیٹنگ میں ان کے قابل ذکر کھلاڑی مارک کوپر، وکرم جیت سنگھ اور میکس ڈاؤڈ ہیں جبکہ بولنگ میں ایک پاکستانی نژاد سپنر شاریز احمد اور فاسٹ بولر فریڈ کلاسن ہیں۔

اگر بات متحدہ عرب امارات کی ہو تو پاکستانی نژاد محمد وسیم سب سے آگے نظر آتے ہیں۔

وسیم ورلڈ رینکنگ میں نویں نمبر پر ہیں اور انہوں نے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے مضبوط بولنگ اٹیک کے خلاف 69 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ اگر وہ اور چراغ سوری اچھی بیٹنگ کرلیتے ہیں تو نیدرلینڈز کے لیے مشکلات پیدا کردیں گے جبکہ بولنگ میں جنید صدیقی اور ظہور خان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

یہ میچ پہلے میچ کی نسبت دلچسپ اور سنسنی خیز ہو سکتا ہے۔

پاکستانی ٹیم کی مصروفیات

کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم برسبین میں موجود ہے۔

ٹیم میں آخری وقت میں شامل ہونے والے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی بھی اتوار کی شام تک پہنچ جائیں گے۔

اگر موسم بہتر ہوا تو ٹیم اتوار کو ہلکی پھلکی ٹریننگ کرے گی جبکہ پیر کے دن پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔

بابر اعظم میلبرن میں پریس سے بات کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کو وارم اپ میچ میں کھلانے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن وہ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

آسٹریلیا اس وقت سخت بارشوں کا سامنا کر رہا ہے۔ میلبرن کے نواحی علاقوں میں سیلاب کی کیفیت ہے اور اگلے ایک ہفتے تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسم کو دیکھتے ہوئے کچھ میچ شاید پورے نہ ہوسکیں اور اگر آئندہ اتوار تک موسم بہتر نہ ہوا تو اس سال کے سب سے بڑے ایونٹ یعنی پاکستان اور انڈیا کے میچ میں بھی خلل پڑ سکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ