شدید بارش میں میچ جاری رکھنے پر زمبابوے کے کوچ کی تنقید

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں گروپ ٹو کی ٹیموں کے درمیان 24 اکتوبر کوکھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا ہے۔

24  اکتوبر 2022 کی اس تصویر میں آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بارش سے متاثرہ میچ ختم ہونے کے بعد زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہوئے (اے ایف پی)

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیوڈ ہاؤٹن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سپر 12 مرحلے کا میچ انتہائی شدید بارش کے باوجود جاری رکھنے کے امپائرز کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں 24 اکتوبر کو کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں، جنوبی افریقہ سات اوورز میں 64 رنز کے تعاقب میں فتح کے قریب تھا، جب بارش کے آخری سپیل نے واش آؤٹ کرنے پر مجبور کیا۔

کوئنٹن ڈی کوک نے 18 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مجموعی سکور کو تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 51 رنز تک پہنچا دیا تھا لیکن گروپ ٹو کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

ہاؤٹن نے کہا: ’سچ پوچھیں تو مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایک بھی گیند کروانی چاہیے تھی، لیکن یہ فیصلہ امپائر کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ (موسم) کھیلنے کے لیے ٹھیک تھا۔ میں ان سے متفق نہیں ہوں، لیکن میدان سے باہر میں زیادہ کچھ نہیں کر سکتا۔‘

زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کی اننگز دو گھنٹے اور 30 منٹ سے زیادہ کی بارش کے بعد تاخیر سے شروع ہوئی اور میچ کو صرف نو اوورز تک محدود کردیا گیا۔

زمبابوے نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز بنائے، اس کے بعد جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈی کوک نے چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ جواب دیا لیکن پھر بارش ہوگئی، جس کے بعد امپائرز اوورز کو مزید کم کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ہاؤٹن نے کہا: ’بارش ایک مرحلے پر انتہائی تیز ہوگئی تھی۔ شام تک کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش ہوتی رہی لیکن پھر یہ اتنی تیز ہوگئی کہ ہم چھت پر اس کے برسنے کی آواز سن سکتے تھے۔

’میرے خیال میں یہ بوندا باندی نہیں تھی۔ یہ میدان سے باہر آنے کا وقت تھا اور جب ہم نے کھیلنا شروع کیا تو میدان گیلا تھا، جب جنوبی افریقہ نے فیلڈنگ کی تو بھی یہ گیلا تھا، لہذا وہ دونوں ٹیموں کے لیے مشکل حالات تھے۔

’لیکن جب ہم نے بولنگ کی تو گراؤںد مزید بھیگتا چلا گیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ حالات ایسے تھے کہ کھیل کو جاری رکھا جائے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس میچ کے دوران زمبابوے کے فاسٹ بولر رچرڈ نگاراوا پھسل گئے اور انہیں زخمی حالت میں میدان سے باہر لے جایا گیا۔

ہاؤٹن نے کہا: ’وہ چینجنگ روم میں لیٹے ہوئے ہیں اور ان کے ٹخنے پر برف بندھی ہوئی ہے۔ ظاہر ہے کہ ہم اس حقیقت سے زیادہ خوش نہیں ہیں کہ وہ اس وقت بولنگ کے لیے اچھی پوزیشن میں نہیں ہیں۔‘

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کوچ مارک باؤچر نے کہا کہ زمبابوے اگر پروٹیز کی جگہ ہوتا تو وہ بھی چاہتا کہ کھیل جاری رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے بھی ایک ایسی گیند کے ساتھ بولنگ کی جو کافی گیلی تھی۔

’ہم ایک بہت اچھی پوزیشن میں تھے۔ آپ یہ سوچ کر اس میچ سے باہر چلے جاتے کہ ہمیں مشکل ہو رہی ہے۔‘

اس بارش نے جنوبی افریقہ کو ایک ایسے گروپ میں ایک مشکل مقام پر لا کھڑا کیا ہے جس میں ہیوی ویٹ بھارت اور پاکستان شامل ہیں۔ اس گروپ کی صرف دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ