انڈیا: کسان کی گردن میں ’ناریل سے بڑے ٹیومر‘ کی کامیاب سرجری

بہار کے 72 سالہ کسان کو گذشتہ چھ مہینوں سے سانس لینے اور کھانا کھانے میں تکلیف کا سامنا تھا۔

24 ستمبر، 2021 کو دہلی میں ایک ایمبولنس نظر آ رہی ہے (اے ایف پی)

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ڈاکٹروں نے شمالی ریاست بہار کے ایک 72 سالہ شخص کی گردن سے سرجری کے ذریعے ’ناریل جتنی بڑی‘ رسولی نکال دی۔

دہلی کے ہسپتال کے ایک بیان میں کہا گیا کہ بیگوسرائے ضلعے سے تعلق رکھنے والے کسان کو گذشتہ چھ ماہ سے سانس لینے اور کھانا کھانے میں دشواری کا سامنا تھا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جب کسان کی حالت مزید خراب ہوئی تو اسے بہار سے دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال کے شعبہ ای این ٹی اور ہیڈ، نیک آنکو سرجری میں گذشتہ ماہ لایا گیا تھا۔

ہسپتال کے ہیڈ اینڈ نیک آنکو سرجری کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر سنگیت اگروال نے کہا: ’گذشتہ کئی سالوں کی پریکٹس کے دوران میں نے تھائیرائیڈ ٹیومر کے ایسے 250 سے زیادہ کیسز دیکھے ہیں لیکن وزن اور حجم کے لحاظ سے یہ ایک منفرد کیس تھا۔

’عام طور پر تتلی کی شکل کا تھائیرائیڈ غدود، جس کا وزن 10 سے 15 گرام ہوتا ہے اور اس کا سائز تین سے چار سینٹی میٹر ہوتا ہے، اس کیس میں ٹیومر کا سائز ایک ناریل سے بھی بڑا یعنی 18 سے 20 سینٹی میٹر تھا۔‘

کسان کی سرجری کرنے والے ہسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج ٹیومر کو نکالتے وقت مریض کی قوت گویائی کو بچانا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈاکٹر اگروال نے کہا کہ سرجری کے دوران بائیلیٹرل ووکل کورڈ کے اعصاب کو کامیابی سے بچایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اتنے بڑے ٹیومر کی وجہ سے سانس کی نالی سکڑ گئی تھی اس لیے بے ہوشی کے لیے ایک خاص تکنیک استعمال کرنا پڑی۔‘

ان کے بقول: ’اس قسم کے بڑے ٹیومر میں کیلشیم اور پیرا تھائیرائڈ گلینڈز کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہم چاروں پیراٹائیرائڈ گلینڈز کو کامیابی سے محفوظ رکھنے میں کامیاب رہے۔‘

تھائرائیڈ گلینڈ گلے میں سامنے کے حصے میں ہوتے ہیں جسے ’ایڈمز ایپل‘ بھی کہا جاتا ہے۔  رپورٹس کے مطابق سرجری میں تین گھنٹے لگے۔

اس سے قبل 2019 میں دہلی کے اسی ہسپتال نے ایک مریض کے جسم سے ایک متاثرہ گردہ نکالا تھا جس کا وزن 7.4 کلوگرام اور سائز دو نوزائیدہ بچوں کے برابر تھا۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی صحت