انگلینڈ نے ایک میچ جیت کر دو ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر کر دیں

انگلینڈ نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ناصرف سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی بلکہ اس فتح سے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

سٹوکس ناقابل شکست  42 رنز بنا کر مین آف ید میچ قرار پائے (اے ایف پی)

بین سٹوکس کے شاندار ناقابل شکست 42 رنز کی بدولت انگلینڈ سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ناصرف ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا بلکہ اس نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

انگلینڈ کو ٹاپ فور میں پہلے ہی کوالیفائی کرنے والی نیوزی لینڈ کے ساتھ گروپ ون سے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔

اس نے ہفتے کی شب سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آخری اوور کی دو بال پہلے ہی یہ کارنامہ انجام دے دیا۔ اگر انگلینڈ یہ میچ ہار جاتا تو میزبان آسٹریلیا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جاتا۔

پہلی اننگز میں سری لنکا 10 اوورز کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز تک پہنچنے پر ایک بڑے ٹوٹل کے راستے پر گامزن نظر آرہا تھا لیکن جارحانہ بلے بازی کرنے والے پاتھم نسانکا 67 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور ایشین چیمپیئنز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔

انگلش بولر مارک ووڈ نے 26 رنز کے عوض تین قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انگلینڈ نے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 75 رنز بنائے اور آسان جیت ان کے سامنے نظر آ رہی تھی لیکن سری لنکا کے سپن اٹیک کے دباؤ میں انگلینڈ کی پانچ وکٹیں 111 رنز پر گر گئیں اور یہ راستہ مشکل ہو گیا۔

اس موقعے پر زخمی ڈیوڈ ملان کی جگہ نمبر تین پر کھیلنے والے بین سٹوکس نے اپنے سامنے گرنے والی پے در پے وکٹیں گرنے کے باوجود اوسان بحال رکھے اور انگلینڈ کی ڈوبتی نیّا کو دو گیندیں پہلے پار لگا دیا۔

عادل رشید کو شاندار بولنگ پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

دوسری جانب گروپ ٹو کے سیمی فائنلسٹ کا تعین اتوار کو ہو جائے گا جب تمام چھ ٹیمیں ایک ہی دن تین میچز میں ایکشن میں ہوں گی۔

ایڈیلیڈ میں جنوبی افریقہ کو نیدرلینڈز کے خلاف جیت درکار ہے جب کہ پاکستان، جس کا آگے بڑھنے کا انحصار گروپ کی دونوں بڑی ٹیموں کی شکست سے جڑا ہوا ہے، بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس کے بعد انڈیا میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں زمبابوے کا سامنا کرے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ