دس ہزار روپے تک کا انڈہ بیچنے والے ’کنگ شامو‘

کراچی کے علاقے ملیر میں ’کنگ شامو‘ کے نام سے فینسی پولٹری کا کام کرتے عسجد کہتے ہیں کہ یہ ایک یوینک چیز ہے، کوئی دیکھے تو لگاؤ ہو جاتا ہے۔

2019 میں فینسی مرغیوں کی فارمنگ کا کاروبار شروع کرنے والے کم عمرعسجد خان کراچی کے علاقے ملیر میں ’کنگ شامو‘ کے نام سے کاروبار چلا رہے ہیں اور بقول ان کے ’ملینیئر‘ بن چکے ہیں۔

انہوں نےانڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے 2019 میں فینسی مرغیوں کا بزنس اس لیے شروع کیا کہ کرونا کے دوران کوئی کام نہیں تھا اور اس وقت فینسی پولٹری پاکستان میں نئی نئی آئی تھی۔‘

عسجد کہتے ہیں اب مرغی کی ایک نسل ’اوشامو‘ کا انڈہ 3200 کا ہے جب کہ پیرٹ بیک لانگ ٹیل کا انڈہ آٹھ ہزار سے دس ہزار تک کا ملتا ہے۔

ان کے مطابق ’کنگ سے مراد کلاس ہے، بادشاہوں کی کلاس۔ کنگ شامو میں سے کنگ میں ہوں اور شامو کا مطلب ہے مرغیوں کی نسل۔‘

’میں نے بھی شوق میں یہ سفر شروع کیا۔ تقریباً ایک سال میں نے شوق کے طور پر مرغیوں کو پالا۔ اس کے بعد جب فائدہ دیکھا تو پھر بطور کاروبار چلایا۔ یہ ایک اچھا مشغلہ ہے۔ میں نے آغاز 30 ہزار روپے سے کیا تھا۔ کچھ مرغیاں لیں، کچھ انڈے لیے،  وقت کے ساتھ ان کو بڑھایا۔‘

’فینسی پولٹری ایک یونیک چیز ہے، کوئی بندہ دیکھے تو لگاؤ ہو جاتا ہے۔ پولٹری کی فیلڈ ایسی ہے نئی نئی چیزیں سیکھنے کو ملتی ہیں۔ میں 20 کے قریب مختلف نسلیں رکھ چکا ہوں۔ میں نے تقریباً 35 کے قریب دنیا بھر سے بریڈز درآمد کی ہیں۔ کراچی میں کافی انوکھی بریڈز ہمارے پاس تھیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ نئی بریڈز آتی ہیں، اس پر کام کر رہے ہیں۔‘

عسجد خان کا مزید کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم بہت بڑا ہے۔ فیس بک وٹس ایپ پر شوقین لوگ خود آپ سے رابطہ کرتے ہیں۔ اگر آپ دیکھیں تو یہ بہت بڑی اور وسیع مارکیٹ ہے۔‘

عسجد کا کہنا تھا کہ ’زیادہ سے زیادہ 30 سے40 ہزار روپے سے یہ کام شروع کیا جا سکتا ہے اور 50 ہزار کے اندر اچھا سیٹ اپ بن سکتا ہے۔‘

لیکن ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کام میں فائدہ اور نقصان دونوں بھاری ہوتے ہیں۔

’اگر پروڈکشن اچھی ہے، بریڈ اچھی ہے تو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کما سکتے ہیں۔ میرے پاس ایلیٹ کلاس کی پولٹری بریڈ ہے، پیرٹ بیک لونگ ٹیل اصیل ہے، بھارت سے امپورٹ ہوتا ہے، اس وقت اس کی قیمت چھ سے ساڑھے چھ لاکھ روپے جوڑا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میرے پاس اس وقت تقریباً 35 سے 40 لاکھ روپے کے پرندے موجود ہیں۔ لوگ خود رابطے کرتے ہیں جب آپ کے پاس انوکھی چیز ہوتی ہے۔ تقریباً دو سال اچھی محنت کی ہے۔ میں ان سے پیسہ کما کر انہی پرلگاتا ہوں۔ ساڑھے تین لاکھ روپے لگائے تھے، پھر سال بعد 20 لاکھ کے قریب لگائے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اب کل ملا کر’60-65 لاکھ‘ تک کے پرندے ہیں۔

’یہ ممکن نہیں ہے کہ آج پانچ ہزار لگائیں تو اگلے ہی ماہ پانچ لاکھ کما لیں۔ میں اگر آج یہاں بیٹھا ہوں تو اس کے پچھے بہت بڑی محنت ہے۔ اگر کوئی میری طرح یہ کام شروع کرنا چاہتا ہے تو بہت بڑی کوئی سائنس نہیں ہے۔ کوئی انٹرن شپ لینے کی ضرورت نہیں بلکہ چھ ماہ میں سیکھ کر شروع کر سکتے ہیں۔‘

عسجد کا کہنا تھا کہ ’ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک اوشامو بریڈ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ شامو ایک لڑنے والی بریڈ ہے جو جرمنی، ہالینڈ، فرانس اور بیلجیم سے آتی ہے۔ اس کی مارکیٹ کراچی اور پاکستان میں کافی مستحکم ہے۔ ڈیڑھ لاکھ روپے تک اس کا جوڑا مل جائے گا آسانی سے۔ 50 ہزار روپے ماہانہ اوسطاً کما سکتے ہیں۔ اس کے مارکیٹ میں انڈے بھی فروخت ہوتے ہیں۔ کافی اچھی قیمت ہے۔‘

’اوشاموز کا انڈہ3200 کا ہے۔ پیرٹ بیک لانگ ٹیل کا انڈہ آٹھ ہزار سے دس ہزار تک کا ملتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا