انڈیا: ڈاکٹروں نے ایک شخص کے معدے سے 187 سکے نکالے

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جنوبی انڈین ریاست کرناٹک کے ضلع بگاکوٹ میں مذکورہ شخص کو الٹیاں آ رہی تھیں اور وہ پیٹ میں درد کی شکایت کر رہے تھے۔

ہسپتال نے مریض کی اینڈوسکوپی کی اور معدے سے 187 سکے نکالے  (TV9 Kannada / YouTube)

انڈیا میں ڈاکٹروں نے ایک نفسیاتی مسائل کے شکار 58 سالہ شخص کے معدے سے 187 سکے نکالے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جنوبی انڈین ریاست کرناٹک کے ضلع بگاکوٹ میں مذکورہ شخص کو الٹیاں آ رہی تھیں اور وہ پیٹ میں درد کی شکایت کر رہے تھے۔

بنگلورو میں ایچ ایس کے ہسپتال کے ڈاکٹروں میں سے ایک، ڈاکٹر ایشور کلبرگی نے بدھ کو بتایا کہ مذکورہ شخص جو سکٹسوفرینیا (شیزوفرینیا) کے مریض ہیں ’گذشتہ دو تین ماہ سے سکے نگل رہے تھے۔‘

نگلے ہوئے سکوں کا مجموعی وزن ڈیڑھ کلو ہے۔ ہسپتال نے مریض کی اینڈوسکوپی کی اور معدے سے 187 سکے نکال دیے جن میں 56 سکے پانچ، 51 سکے دو اور 80 سکے ایک انڈین روپے کے تھے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ڈاکٹر کلبرگی کا کہنا تھا کہ ’اس حالت میں مریضوں کو علم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ ایسے کیس بہت کم ہوتے ہیں۔ اپنی 40 سالہ ملازمت کے دوران میرے لیے اپنی نوعیت کا یہ پہلا کیس ہے۔‘

مذکورہ شخص کے معدے سے سکے نکالنے کے لیے دو گھنٹے کا آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹر کلبرگی کے بقول: ’معدے کا سائز بہت بڑا ہو گیا تھا اور بہت سے سکے معدے میں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سرجری کے بعد مریض کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔

جریدے انڈین جرنل آف سائیکیٹری کی رپورٹ کے مطابق انڈیا میں ہر ایک ہزار افراد میں سے دو سے تین لوگ سکٹسوفرینیا کے مریض ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’وسائل کی کمی، غربت، تعلیم کی کمی اور مریضوں کی صحت کی سہولیات تک ناکافی رسائی انڈیا میں دیکھ بھال کے مسئلے کو خاص طور پر گھمبیر بنا دیتے ہیں۔‘

(ترجمہ: علی رضا)

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا