پاکستان کے لیے ڈیپازٹ میں توسیع پر سعودی سفیر کا شکریہ

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (تصویر ریڈیو پاکستان)

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں خادمین حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کی ہدایت کی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستانی معیشت کی حمایت کرنا خادمین حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ کی طرف سے اسلامی ممالک اور دنیا کے ممالک کی مدد کرنے کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ ترقی حاصل کی جا سکے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات بھی برادرانہ موقف اور معاونت کے آئینہ دار ہیں جو دونوں ممالک کی اچھی طرح سے تعلقات جاری رکھنے کی خواہش کو ثابت کرتے ہیں۔‘

اپنے بیان میں سعودی سفیر نے مزید کہا کہ ’سعودی مملکت کی جانب سے مسلمان بھائیوں کے لیے یہ کردار تاریخی ہے۔‘

پاکستان کے سٹیٹ بینک نے جمعے کو کہا تھا کہ سعودی عرب کے فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کو فراہم کردہ تین ارب ڈالر واپس کرنے کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔

سٹیٹ بینک نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ یہ توسیع ’سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی سپورٹ کا تسلسل ہے۔‘

سٹیٹ بینک اور ایس ایف ڈی کے مابین 21 نومبر، 2021 کو معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

سٹیٹ بینک نے 18 ستمبر کو ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ ایس ایف ڈی نے مزید ایک سال کے لیے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کے رول اوور کی تصدیق کی ہے۔

بیان کے مطابق یہ ڈپازٹ پانچ دسمبر، 2022 کو میچور ہونا تھے۔ سٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ رقم مرکزی بینک کے پاس اس کے زرمبادلہ کے ذخائر کے حصے کے طور پر رکھی گئی تھی۔

ڈپازٹ کے معاہدے پر اصل میں نومبر 2021 میں دستخط کیے گئے تھے جس کا مقصد سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

معاہدے پر ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور اس وقت کے سٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کراچی میں دستخط کیے تھے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2021 کے آخری ہفتے میں سعودی عرب نے پاکستان کو اپنی مالی امداد بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس میں تقریباً تین ارب ڈالر کے محفوظ ذخائر اور 1.2 ارب ڈالر مالیت کی تیل کی سپلائی موخر ادائیگیوں پر شامل تھی۔

یہ معاہدہ اسی ماہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران طے پایا تھا۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: العاص)

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت