تیندوے کو بظاہر کسی انسان نے نہیں مارا: سربراہ وائلڈ لائف 

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی سربراہ نے انڈپینڈنٹ اردو کا بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیندوے کی موت دل کا دورہ پڑنے کے بعد بلندی سے گرنے کے باعث ہوئی۔ 

وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی مردہ تیندوے کی تصویر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دلکش مارگلہ کے پہاڑوں میں حکام نے بدھ کو تصدیق کی ایک تیندوے کی لاش ملی ہے۔  

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ  کی سربراہ رائنہ سعید خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ تیندوے کی لاش گذشتہ جمعرات کو ملی تھی اور بظاہر اس کی موت لاش ملنے سے دو تین روز قبل ہوئی تھی۔ 

رائنہ نے واضح کیا کہ تیندوے کے جسم پر گولیاں لگنے کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔ ’کسی انسان نے تیندوے کو نہیں مارا، اس کی موت قدرتی طریقے سے ہوئی ہے۔‘ 

اُنھوں نے بتایا کہ تیندوا مارگلہ ہلز کے علاقے سنہیاری میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا اور ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیندوے کی موت دل کا دورہ پڑنے کے بعد بلندی سے گرنے کے باعث ہوئی۔ 

رائنہ کا کہنا تھا کہ بلندی سے گرنے کے باعث چوٹ تیندوے کے سر پر لگی۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ تیندوے کی ہسٹوپتھالوجی کی گئی تھی اور رپورٹ میں کسی زہر کے آثار نہیں ملے۔‘

انہوں نے اس حوالے سے بعد میں ایک ٹویٹ بھی کی جس میں کہا گیا کہ تیندوں سے متعلق آگاہی بڑھ رہی ہے۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ  کی سربراہ نے کہا کہ ’تیندوے کے جسم پر گولیوں کے سوراخ یا زخم نہیں ہیں۔‘ 

اس سے قبل ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ مرنے والا تیندوا بظاہر 10 سے 15 سال عمر کا تھا۔ اس کی لاش دو سے تین دن سے اس علاقے میں پڑی تھی۔  

اسلام آباد کے ٹریل ٹو پر گذشتہ دنوں ایک تیندوا دیکھا گیا تھا جس کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ حکام نے خطرے کے پیش نظر ٹریل ٹو کو بند بھی کر دیا تھا۔ 

تاہم رائنہ خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ تیندوا وہ نہیں جو دیکھا گیا تھا۔ ’یہ (مرنے والا) بالکل مختلف نیا تیندوا ہے جو سنہیاری کے علاقے میں رہ رہا تھا۔ یہ علاقہ سیدپور گاؤں سے بہت دور ہے۔‘  

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چند روز قبل بھی شاہراہ کاغان پر پہاڑی ے گر کر زخمی ہونے والا تیندوا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔ 

مارگلہ ہلز میں تیندوے کی موجودگی کے تناظر میں اسلام آباد وائلڈ لائف نے گذشتہ ماہ مقامی افراد کو خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی تھی۔ 

ترجمان وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں تیندوا مارگلہ ہلز کی دیہی آبادی کے قریب اکثر دیکھا جاتا ہے، مقامی آبادی اور سیاح غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔ 

ترجمان وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ لوگ اکیلے اس علاقے میں نہ جائیں، مقامی آبادیوں کے افراد مویشی جنگل کی طرف چرنے کے لیے نہ بھیجیں، جنگل کے قریب بچے، عورتیں اور ضعیف افراد غیرضروری طور پرگھروں سے نہ نکلیں، رات کے اوقات میں مال مویشی کو چاردیواری کے محفوظ مقام پر باندھیں۔ 

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تیندوے کو نقصان پہنچانا قانونی طور پر جرم ہے، تیندوے کو نقصان پہنچانے پر سزا یا جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات