چینی صدر شی جن پنگ سعودی عرب پہنچ گئے

شی جن پنگ اس تین روزہ سرکاری دورے میں ریاض میں منعقد ہونے والے سعودی چینی سرمایہ کاری سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

چینی صدر شی جن پنگ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر بدھ کی شام سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ یہ چینی صدر کا چھ سال بعد سعودی عرب کا دورہ ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق چینی صدر کو اس دورے کی دعوت شاہ سلمان نے دی تھی۔ شی جن پنگ اس تین روزہ سرکاری دورے میں ریاض میں منعقد ہونے والے سعودی چینی سرمایہ کاری سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

یہ کانفرنس سات دسمبر سے نو دسمبر تک جاری رہے گی۔

شاہ سلمان کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بھی شریک ہوں گے۔

ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر صدر شی جن پنگ کا استقبال ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر نے کیا۔

چینی صدر کے دورے کے دوران ’ریاض کانفرنس برائے چینی خلیجی تعاون و ترقیات‘ کا انعقاد ہو گا جس میں خلیجی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے چین کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔

توقع ہے کہ معیشت اور ترقی میں مشترکہ تعاون کی مضبوطی بات چیت کا محور ہو گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صدر شی جن پنگ نے آخری بار 2016 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جس سے ایک سال قبل شہزادہ محمد بن سلمان تخت نشین ہوئے تھے، اس دورے کے دوران وہ مصر اور ایران بھی گئے تھے۔

چین سعودی عرب کے خام تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے اور سعودی تیل کی برآمدات کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ خریدتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان توانائی کے علاوہ مستقبل کے ممکنہ معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

ان منصوبوں میں مستقبل کا 500 ارب ڈالر کا میگاسٹی نیوم بھی شامل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا