روس پاکستان کو رعایتی نرخوں پر تیل فراہم کرے گا: مصدق ملک

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی روس سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کی خبروں کی تردید سے متعلق مصدق ملک نے کہا ’شاید وزارت خارجہ کو معلومات نہیں پہنچ پائیں، اسی لیے انہوں نے ایسی بات کی۔‘

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے جمعے کو امید ظاہر کی ہے کہ روس پاکستان کو دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح یا اس سے بھی کم نرخوں پر خام تیل فراہم کرے گا۔

انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’واضح کر دیا گیا ہے کہ ماسکو ہمیں کم نرخوں پر خام تیل فراہم کرے گا۔‘

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد خام تیل کی خریداری سے متعلق ماسکو کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھا رہا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ روس کے پاس آٹھ مختلف اقسام کے خام تیل موجود ہیں، جن میں سے کم از کم دو ایسی ہیں جو پاکستان میں موجود تین ریفائنریز استعمال کر سکتی ہیں۔

’روس ہمیں سوکال اور یورال قسم کے خام تیل کی مصنوعات فراہم کرے گا اور وہ بھی رعایتی نرخوں پر۔‘

انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کو ڈیزل اور پیٹرول بھی فراہم کرے گا، تاہم اس کے نرخ روسی ٹیم کے پاکستان آنے پر طے ہوں گے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس جانے سے قبل انہوں نے پاکستانی ریفائنریز کے حکام سے ملاقاتیں کر کے معلومات حاصل کی تھیں اور پاکستان میں روسی خام تیل استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی حکام کے ساتھ پاکستانی ٹیم کی بات چیت کے مطابق اسلام آبا د کو رعایتی نرخوں پر ہلکا خام تیل فراہم کیا جائے گا جس سے ملک میں توانائی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی توانائی کے میدان میں ایک معاہدہ کر رہی ہے، جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کے کم از کم دو کارگو حاصل ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے روس سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کی خبروں کی تردید سے متعلق مصدق ملک کا کہنا تھا: ’شاید وزارت خارجہ کو اس سلسلے میں معلومات نہیں پہنچ پائیں، اسی لیے انہوں نے ایسی بات کی۔‘

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک میں توانائی سے متعلق تمام اقدامات اور فیصلے ان کی وزارت کی ذمہ داری ہے اور وہ جلد از جلد روس سے ہونے والی بات چیت اور وہاں سے تیل کی خریداری سے متعلق بریف وزارت خارجہ کو بھیجیں گے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح ملک کی غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں آسانی آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس سے تیل کی خریداری سے ملک میں توانائی کی قیمت کم ہو گی، جس سے ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ کی لاگت گرے گی، اور نتیجتاً ہر چیز کی قیمت میں کمی واقعہ ہو گی، اور یہی وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت