قطر کا ورلڈ کپ کے دوران غیر ملکی سیاحوں کا اسلام سے تعارف

ورلڈ کپ کے دوران لاکھوں شائقین قطر آئے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے یہ کسی مسلم ملک کا پہلا دورہ ہے۔

ہنگری کے سیاح دوحہ، قطر میں، چھ  دسمبر 2022 کو کتارا مسجد میں تصاویر لے رہے ہیں (اے پی)

فاطمہ گارسیا نے سر پر سکارف اور عبایا ـ جو کہ ایک لمبا اور کھلی طرز کا لباس ہے ـ کو اپنے کپڑوں پر پہنا اور دوحہ کی ایک مسجد میں اسلام کو سمجھنے کے لیے جا پہنچیں۔

قطر میں دوستوں کے ساتھ ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہونے کے لیے، سلواڈور سے آئی مہمان نے فٹ بال سے ایک دن کی چھٹی لے کر کتارا مسجد میں سیر و تفریح کی، جہاں مبلغین دنیا بھر کے متجسس شائقین کو متعدد زبانوں میں اسلام سے متعارف کروا رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گارسیا نے خوبصورت فیروزی ٹائلوں سے سجی عبادت گاہ میں بتایا: ’یہ اسلام سے میرا پہلا  تعارف ہے۔ قطر زندگی کو بدلنے والا تجربہ رہا ہے کیونکہ یہ آپ کو مختلف ثقافتوں کے بارے میں ایک نقطہ نظر فراہم کرتا ہے۔‘

ورلڈ کپ کے دوران لاکھوں شائقین قطر آئے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے یہ کسی مسلم ملک کا پہلا دورہ ہے۔ وہ لوگ جو سٹیڈیم اور دوحہ کے چمکدار ہوٹلوں سے زیادہ آگے نہیں جاتے ہیں ان کے پاس ملک کے مذہب سے صرف ایک محدود واسطہ ہی پڑا ہوگا، جیسے کہ دور سے اذان سننا یا سٹیڈیم، ہوائی اڈوں اور ہوٹلوں میں نماز کے کمروں میں مسلمانوں کو سجدہ کرتے ہوئے دیکھنا۔ لیکن ان لوگوں کے لیے جو اسلام کے بارے میں مزید جاننے کے خواہش مند ہیں، قطری حکام اور مذہبی حکام مدد کے لیے بے چین ہیں۔

مقامی مساجد سیاحوں کو مختلف زبانوں میں دوروں کی پیشکش کر رہی ہیں اور دوحہ میں اسلامک کلچرل سینٹر مقدس شہر مکہ کا ورچوئل رئیلٹی ٹور پیش کررہا ہے۔ سیاحتی مقامات پر بوتھ قرآن کے مفت نسخے فراہم کرتے ہیں اور ہوٹل کی لابیوں میں اسلام کے بارے میں بروشرز دستیاب ہیں۔

دوحہ بھر میں بل بورڈز لگائے گئے ہیں جن میں امریکی اولمپک فینسر ابتہاج محمد اور دیگر مسلم شخصیات کو ایک مہم کے حصے کے طور پر دکھایا گیا ہے جس میں لوگوں کو اسلام کی تلاش کی ترغیب دی گئی ہے۔

ابوہریرہ جو کہ ایکسپلور اسلام فاؤنڈیشن اور اسلام اینڈ مسلمز انیشیٹو کی مہم کے رضاکار ہیں، نے بتایا: ’ورلڈ کپ کے دوران کیوں؟ ہر کوئی یہاں دنیا بھر سے قطر ایک مسلم ملک آرہا ہے، اور یہ لوگوں کو عقیدے کے بارے میں آگاہی دینے کا موقع ہے۔‘

قطری حکام کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ مہمانوں کو ان کی ثقافت اور بڑے خطے کی بہتر تفہیم فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔

وہاں سے چند قدم کے فاصلے پر، ورلڈ کپ کے شائقین عبداللہ بن زید المحمود اسلامک کلچرل سینٹر کی سرپل نما عمارت میں سیر اور مسجد کے دورے کے لیے بھی جاتے ہیں، جہاں لوگ نماز جمعہ کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

کارلوس بوسٹوس، میرییا ایریاس اور ان کے بیٹے، آٹھ سالہ جیکوب اور 13 سالہ میتیاس نے ثقافتی مرکز کا دورہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کولمبیا کے خاندان نے طب، سائنس، ریاضی اور فن تعمیر میں اسلامی دنیا کی شراکت کے بارے میں بڑے پلے کارڈز پر معلومات پڑھیں۔

دوحہ کا میوزیم آف اسلامک آرٹ بھی مذہبی عقائد اور رسومات کی جھلکیاں پیش کرتا ہے۔ شائقین اسلام کے پانچ ستونوں کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں — ایمان، نماز، صدقہ، روزہ اور حج یا زیارت — اس کے علاوہ اسلامی دنیا میں حج کی رسومات اور جنازے کے مختلف طریقوں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

کارلوس بسٹوس، جو اپنے بیٹوں کے ساتھ روایتی قطری لباس میں ملبوس تھے، نے کہا: ’ہم نے دیکھا کہ انہوں نے ایسے اقدامات کیے ہیں کہ اسلام سے متعلق مغرب کا زاویہ بدلا جاسکے۔ یہ اس تاثر کو زائل کرنا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہمیں بتایا گیا تھا کہ ہم بہت مختلف ہیں مگر ہم زیادہ مماثلت دیکھتے ہیں۔‘

برازیل کے مہمان جوز انتونیو ٹینوکو نے کہا: ’میرے لیے میوزیم کا سب سے اہم حصہ اسلام تھا۔ آپ جتنا زیادہ اس اسلامی ثقافت کو سمجھیں گے، یہ اتنا ہی زیادہ دلکش ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا