میانوالی کے علاقے کالاباغ کی رہائشی اور سماجی کارکن سعادت بیگم پراچہ نے دیوارِ رحمت کی طرز پر ’نیک قدم‘ کے نام سے مہم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت وہ گھر گھر جا کر چادر میں لوگوں سے وہ اشیا جمع کرتی ہیں، جو ان کے کام کی نہیں ہوتیں لیکن کسی اور کے کام آسکتی ہیں۔
65 سالہ سعادت بیگم ہفتے میں ایک دن اپنے بیٹوں کے ہمراہ غریب آبادی اور گلیوں میں واقع گھروں پر دستک دے کر اپنے آنے کا مقصد بیان کرتی ہیں اور ان کے سامنے چادر پھیلاتی ہیں، جس کے بعد اس گھر کے مکین وہ چیزیں چادر میں ڈال دیتے ہیں جو ان کے کام کی نہیں ہوتیں اور اپنی ضرورت کی چیزیں چادر سے اٹھا لیتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنیادی ضروریات کی تشفی کے علاوہ اس مہم کا ایک اہم مقصد غریب طبقے کی وہ احساس محرومی ختم کرنا ہے جو دوسروں سے مانگنے یا لینے میں اس کے اندر جنم لیتی ہے۔
اس ’نیک قدم‘ مہم کا ایک خاص پہلو یہ بھی ہے کہ چادر میں ضرورت مند کو کچھ دینے پر پابندی بالکل نہیں، یعنی وہ انتہائی ضرورت کی چیزیں بلا حیل و حجت اٹھا بھی سکتا ہے۔
اس نیک قدم مہم میں سعادت بیگم اپنے بیٹوں کے ہمراہ مکینوں سے فالتو کپڑے، جوتے، برتن، کھلونے اور استعمال کی دیگر اشیا اکٹھی کرتی ہیں جبکہ چادر میں بچ جانے والی اشیا خاتون اپنے گھر میں لاکر جمع کرتی ہیں جہاں سے ضرورت مند یہ چیزیں لے کر جاتے رہتے ہیں۔
سعادت بیگم مستقبل میں اس مہم کا دائرہ کار دیگر شہروں میں بھی بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ ضرورت مند زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں۔