میانوالی میں کھانے کی تقریبات، دعوتوں اور ضیافتوں میں جہاں دور جدید میں مہمانوں کی تواضع مختلف انواع اور پر تکلف کھانوں سے کی جاتی ہے وہیں روائتی اور ثقافتی کھانوں کا استعمال بھی ضرور رائج ہے۔
ایسے ہی میانوالی میں خصوصاً روٹی سالن والی دیسی طرز کے کھانوں کی تقریبات یا اکثر دیہی دعوتوں اور ضیافتوں کے روائتی کھانوں میں ’چُوری‘ کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
عمومی طور پر مٹی کی پرات میں بننے والی چُوری کی ڈش کو ’پرات یا سانڑک والی چُوری‘ بھی کہا جاتا ہے۔
یہ چُوری جتنی لذت اور ذائقے سے بھرپور ہوتی ہے اس کے بنانے کا طریقہ بھی اتنا ہی دلچسپ اور جاننے کے قابل ہے کیونکہ مٹی کی پرات والی چُوری کو ہاتھوں کی بجائے صرف سٹیل یا مٹی کے گلاس سے ہی کوٹا جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے ذائقے کو برقرار رکھنے کے لیے بڑے گوشت میں بنانا ضروری ہے۔ عموماً تین سے پانچ افراد مٹی کی پرات میں سب سے پہلے کلو سے زائد روٹی باریک پیستے ہیں پھر پرات میں روٹی ڈال کر اس میں دگنا سالن الگ کی گئی بوٹیوں سمیت باریک کر کے بتدریج ڈالتے رہتے ہیں جس کو ہاتھوں کی بجائے صرف سٹیل کے گلاس سے باری باری پیسا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ انتہائی باریک ہو جاتی ہے جو کہ وزن میں چار کلو تک بن جاتی ہے۔
آخر میں اس میں لذت میں اضافے کے لئے لیموں بھی ڈالا جاتا جن کا انتظام مہمانوں کو خود کرنا پڑتا ہے۔
اس چُوری کی تیاری میں ایک گھنٹے کا وقت لگ جاتا ہے۔