شہزادہ ہیری اور میگھن شاہی گھر سے مبینہ بے دخلی پر ’حیران‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جوڑا شاہ چارلس سوم کی طرف سے ’بے دخل‘ کیے جانے کے بعد اپنا باقی ماندہ سامان شاہی رہائش گاہ سے کیلیفورنیا میں اپنے گھر بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے۔

ایک خاتون شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن کے بارے میں 2022 میں جاری ہونے والی نیٹ فلکس سیریز ’ہیری اور میگھن‘ دیکھتے ہوئے۔ سیریز میں برطانوی شاہی خاندان کے بارے میں کئی نقصان دہ دعوے کیے گئے تھے، جن کی وجہ سے جوڑے کو امریکہ جانے کا اشارہ کیا گیا تھا (اے ایف پی)

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو کو برطانیہ میں ان کے سابق گھر فروگ مور کاٹیج میں منتقل کرنے کے مبینہ منصوبے نے ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس، شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو ’شدید حیرت‘ میں مبتلا کر دیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ شاہی جوڑا شاہ چارلس سوم  کی طرف سے ’بے دخل‘ کیے جانے کے بعد اپنا باقی ماندہ سامان شاہی رہائش گاہ سے کیلیفورنیا میں اپنے گھر بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے۔

ہوم پارک، ونڈسر میں 10 بیڈ روم کا یہ گھر ملکہ الزبتھ دوم نے 2018 میں شادی کے بعد جوڑے کو تحفے میں دیا تھا۔

تاہم اخبار ’دا سن‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ چارلس نے اب اس جائیداد کی پیشکش رسوائی کے شکار ڈیوک آف یارک کو کی ہے، جو مبینہ طور پر انہیں ونڈسر گریٹ پارک میں واقع 30 کمروں والے رائل لاج سے نکالنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ وہ اس جگہ 2003 سے مقیم ہیں۔

پرنس ہیری اور میگھن مارکل نے تصدیق کی ہے کہ انہیں فروگ مور کاٹیج خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے یہ اطلاع ملی تھی کہ شہزادہ اینڈریو نے رہائش گاہ میں منتقلی کے لیے 75 سالہ لیز پر دستخط کر دیے ہیں۔ وہ اس رہائش گاہ کے لیے ہفتہ وار ڈھائی سو پاؤنڈ ادا کر رہے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق رائل لاج کی قیمت تین کروڑ پاؤنڈ ہے، لیکن اندازہ لگایا گیا ہے کہ  شہزادہ اینڈریو اس گھر کی دیکھ بھال پر لاکھوں پاؤنڈ خرچ کر چکے ہیں۔

دی انڈپینڈنٹ نے تبصرہ کے لیے ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس اور شاہی محل کے نمائندوں سے رابطہ کیا۔

اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے قریبی ذرائع نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا ہے کہ شاہی جوڑا اس فیصلے پر ’حیرت زدہ‘ ہے، جو ڈیوک کی متنازع کتاب ’سپیئر ‘ کی اشاعت کے فوراً بعد اور مئی میں چارلس اور کیملا کی تاجپوشی سے قبل سامنے آیا۔

یاہو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ شاہی خاندان کے کم از کم دو دوسرے ارکان بھی اس فیصلے پر ’حیرت زدہ‘ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہی جوڑے کے ایک دوست نے یاہو نیوز کو بتایا کہ ’یہ سب بہت حتمی اور ایک ظالمانہ سزا کی طرح محسوس ہوتا ہے۔

’یہ ایسا ہی ہے جیسے (خاندان) انہیں ہمیشہ کے لیے تصویر سے نکال دینا چاہتا ہے۔‘

ہیری نے اپنی یادداشت میں شاہی خاندان سے اپنی شکایات بیان کی ہیں۔ ان کی کتاب جنوری کے شروع میں شائع ہوئی تھی۔

کتاب میں انکشافات میں سے ایک ان کا دھماکہ خیز الزام بھی تھا کہ ان کے بھائی ولیم، پرنس آف ویلز نے ان پر جسمانی حملہ کیا جب کہ چارلس نے ان سے التجا کی کہ وہ اپنے جھگڑے سے ’میرے آخری سالوں کو تکلیف دہ نہ بنائیں۔‘

شاہی جوڑے نے اپنی نیٹ فلیکس ڈاکومینٹری سیریز ’ہیری اینڈ میگھن‘ میں بکنگھم پیلس پر بھی بہت سے الزامات لگائے، جن کا تعلق بنیادی طور پر ذرائع ابلاغ کو میگھن کے بارے میں ’منصوبے کے تحت‘ منفی خبریں فراہم کرنے سے ہے۔

سمجھا جاتا ہے کہ ہیری تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کا وعدہ کرنے سے پہلے کنگ اور شہزادہ ولیم دونوں سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ وہ اور میگھن طنزیہ اینیمیٹڈ ٹیلیویژن شو ’ساؤتھ پارک‘ کی ’بے رحمانہ‘ قسط کا موضوع تھے جس میں ان کی کتاب اور جوڑے کی امریکہ منتقلی کے بارے میں لطیفے بھی شامل تھے۔

قسط نشر ہونے کے تھوڑی دیر بعد جوڑے نے بیان جاری کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ اینیمیٹڈ ٹی وی شو کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ