بابر کی بال پک کرنے کی صلاحیت دوسروں سے بہتر: معاون کوچ

شاہد اسلم پاکستان کرکٹ کے ہائی پرفامنس سینٹر میں بھی کھلاڑیوں کی تکنیک بہتر بنانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ ’بابر اعظم کی بولر کے ہاتھ سے گیند نکلنے کے بعد اسے پک کرنے کی صلاحیت دوسرے بلے بازوں سے بہتر ہے۔‘

شاہد اسلم 2004 سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک ہیں اور اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور معاون کوچ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ شاہد اسلم پاکستان کے نامور کھلاڑیوں محمد یوسف، یونس خان، محمد حفیظ اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

شاہد اسلم پاکستان کرکٹ کے ہائی پر فامنس سینٹر میں بھی کھلاڑیوں کی تکنیک بہتر بنانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

کرکٹ سے منسلک لوگوں سے جب بات ہو تو وہ بتاتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شاہد اسلم کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

شاہد اسلم کا انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا جب کسی کھلاڑی کو ضرورت ہوتی ہے تو ان کے ساتھ کام شروع کر دیتے ہیں اور مستقبل کے دوروں کی پلاننگ کا حصہ رہتے ہیں اور اس سے ہیڈ کوچ کو بھی مدد مل جاتی ہے۔

بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد اسلم کا کہنا تھا، ’بابر کے پاس جو صلاحتیں ہیں وہ دیگر کھلاڑیوں سے تھوڑی زیادہ ہیں۔ـ‘

وہ کہتے ہیں، ’بولر کے ہاتھ سے گیند نکلنے کے بعد اسے پک کرنے کی صلاحیت بابر اعظم کی دوسرے کھلاڑیوں سے بہتر ہے۔‘

شاہد اسلم سے جب پوچھا گیا کہ محمد یوسف، یونس خان، محمد حفیظ اور بابر اعظم میں کیا بات مشترک ہےتو ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام کھلاڑی کرکٹ کے علاوہ دوسری چیزوں کو اس وقت تک جگہ نہیں دیتے تھے جب تک اپنی کرکٹ پریکٹس سے مکمل طور پر مطمئن نہ ہو جائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہد اسلم نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم بھی محمد یوسف، یونس خان کی طرح پاکستان کے ساتھ زیادہ عرصہ کھیلیں اور ایسے ہی رنز کے انبار لگائیں۔

محمد حفیظ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی چیزیں انہوں نے محمد حفیظ کے ساتھ کام کر کے سیکھیں جس پر محمد رضوان اور دیگر کھلاڑی بھی عمل کر رہے ہیں۔

یونس خان، محمد یوسف، محمد حفیظ اور بابر اعظم کی
’کور ڈرائیو‘ سے متعلق پوچھا تو ان کا کہنا تھا ’سب کا دلکش سٹائل تھا۔‘

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ کور ڈرائیو کے معاملے پر محمد یوسف اور بابر اعظم کے درمیان ٹائے ہو سکتا ہے۔

’محمد یوسف کی کور ڈرائیو کے لیے ٹائمنگ بہت خوبصورت تھی اور بابر اعظم کو اس لحاظ سے ٹائمنگ اور طاقت دونوں کی ضرورت پڑتی ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ