لندن: شاہی محل کے باہر سے مشتبہ شخص گرفتار، چاقو برآمد

میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو بکنگھم پیلس کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے شاٹ گن کے کارتوس محل کے احاطے میں پھینکے۔

18 ستمبر 2022 کو لی گئی اس تصویر میں میٹروپولیٹن پولیس کے افسران بکنگھم پیلس کے باہر ڈیوٹی پر کھڑے ہیں (اے ایف پی)

لندن پولیس کا کہنا ہے کہ شاہی محل بکنگھم پیلس کے باہر سے ایک شخص کو ہتھیار رکھنے کے شبے میں گرفتار کیے جانے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک کنٹرولڈ دھماکہ کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو بکنگھم پیلس کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے شاٹ گن کے کارتوس محل کے احاطے میں پھینکے۔

پولیس فورس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے قبضے سے ایک مشکوک بیگ برآمد ہوا ہے۔ تاہم پولیس کے مطابق اس واقعے کا تعلق دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا رہا۔

چیف سپرنٹنڈنٹ جوزف میکڈونلڈ نے ایک بیان میں کہا: ’حکام نے اس شخص کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ کسی بھی قسم کی فائرنگ یا افسران یا عوام میں سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔‘

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام نےمشتبہ شخص کو مقامی وقت 18 بجے حراست میں لیا تھا، اور دوران تلاشی اس کے پاس سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔

گرفتاری کے وقت بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلیا بکنگھم پیلس میں موجود نہیں تھے۔ محل کے عہدیداروں نے یہ کہتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ یہ واقعہ پولیس کا معاملہ ہے۔

منگل کی رات دیر گئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا اور پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سنہ 2016 میں بکنگھم پیلس کے احاطے میں ایک غیر مسلح شخص کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دیوار عبور کر رہا تھا۔ 2021 میں کرسمس کے دن ونڈسر کیسل میں بھی ایک شخص کو ماسک پہنے اور کراس بو تھامے گرفتار کیا گیا تھا۔

حالیہ واقعہ بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب سے چند روز قبل پیش آیا جو ہفتے کے روز ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی ہے۔

حالیہ دنوں میں بکنگھم پیلس میں بہت زیادہ گہماگہمی دیکھی جا رہی ہے کیونکہ سیاح اور بین الاقوامی میڈیا تاج پوشی کے لیے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ 1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کے بعد ملک میں یہ پہلا ایسا موقع ہے۔

توقع ہے کہ درجنوں غیر ملکی، شاہی خاندان، معززین اور سربراہان مملکت اس تقریب میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچیں گے۔

ہفتے (چھ مئی)کو بادشاہ چارلس اور کمیلا محل سے سنہری بگھی میں ویسٹ منسٹر ایبے پہنچیں گے، جہاں انہیں ایک تقریب میں تاج پہنایا جائے گا۔

اس کے بعد یہ جوڑا محل میں واپس آئے گا، جس کے ساتھ ہزاروں رسمی فوجیوں پر مشتمل ایک شاندار فوجی جلوس بھی نکالا جائے گا، جس کے بعد وہ خیر خواہوں کا استقبال کرنے کے لیے محل کی بالکونی میں آئیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا